بھارت: نوجوان نے موبائل گیم کھیلنے سے روکنے پر والدہ کو گولی مار کر قتل کردیا
بھارتی ریاست اترپردیش میں نوجوان نے موبائل گیم کھیلنے سے روکنے پر تلخ کلامی کے بعد اپنے والد کے لائسنس یافتہ ریوالور سے اپنی والدہ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں 16 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر موبائل فون گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اپنی والدہ کو گولی مار دی اور ان کی لاش کو دو دن تک گھر میں چھپا کر رکھا۔
پولیس نے بتایا کہ نوجوان گیم کھیلنے کا عادی تھا اور اس پر بحث کے دوران اپنی والدہ کو والد کے لائسنس یافتہ ریوالور سے گولی مار کر قتل کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس لڑکے نے اپنی ماں کی لاش کو کمرے میں چھپا دیا اور دو دن تک اپنی 9 سالہ بہن کے ساتھ گھر پر رہا، لڑکے نے کمرے میں بدبو پر قابو پانے کے لیے ایئر فریشنر کا استعمال کیا۔
مزید پڑھیں: بھارت: ویڈیو گیم کے لیے موبائل نہ دینے پر بھائی نے چھوٹے بھائی کو قتل کردیا
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لڑکے کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ لڑکے نے اسے بھی دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو اسے بھی مار دے گا۔
لکھنؤ پولیس کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایس ایم قاسم عابدی نے بتایا کہ منگل کی شام جب بوسیدہ لاش سے شدید بدبو آنا شروع ہوئی تو اس نے حادثے کے بارے میں اپنے والد کو آگاہ کیا، والد نے پڑوسیوں کو فون کیا جنہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
ان کے والد فوجی ہیں اور اس وقت مغربی بنگال میں تعینات ہیں۔
ابتدائی طور پر لڑکے نے اپنے والد کو جھوٹی کہانی سنائی کہ اس کی والدہ کو گھر پر کام کے لیے آنے والے الیکٹریشن نے گولی مار کا ہلاک کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: ’پب جی‘ گیم کے عادی بچے نے اپنی ماں، 3 بہن بھائیوں کو قتل کر ڈالا
ایس ایم قاسم عابدی کا کہنا تھا کہ لڑکے نے پولیس کو وہی کہانی سنائی لیکن جب ہم نے تحقیقات کیں تو پتا چلا کہ سب کچھ جھوٹ پر مبنی تھا، اس کے بعد ہم نے لڑکے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان لڑکے نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔