• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

امریکی کانگریس کمیٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کو ملنے والے غیر ملکی تحائف کی چھان بین شروع کردی

شائع June 8, 2022
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو ملنے والے غیر ملکی تحائف کی فہرست میں  بڑے تضادات پائے گئے— فائل فوٹو: رائٹرز
ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کو ملنے والے غیر ملکی تحائف کی فہرست میں بڑے تضادات پائے گئے— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی ایوان نمائندگان کی نگراں کمیٹی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کو موصول ہونے والے غیر ملکی تحائف کے معاملے کی چھان بین کا آغاز کردیا ہے۔

امریکی جریدے 'فوربز' کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات ان رپورٹس کے تناظر میں شروع کی گئی کہ ٹرمپ کے دور میں ملنے والے 2 مہنگے تحائف جس میں ایک 5 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی شراب کی بوتل بھی شامل تھی اس کا ریکارڈ میں ذکر نہیں۔

رپورٹ کے مطابق غیر ملکی حکومتیں باقاعدگی سے امریکی سفارتکاروں اور عہدیداروں کے ساتھ تحائف کا تبادلہ کرتی ہیں لیکن اگر تحفے کی مالیت 415 ڈالر سے زیادہ ہو تو وہ موصول کرنے والے عہدیدار کی نہیں امریکی حکومت کی ملکیت سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدارت کے دوران ٹرمپ کے سرکاری دستاویزات پھاڑنے، ٹوائلٹ میں بہانے کا انکشاف

وفاقی قانون کے تحت امریکی محکموں اور ایجنسیوں کو غیر ملکی حکومتوں سے موصول ہونے والے اپنے ملازمین کو 415 ڈالر سے زیادہ کے تحائف کے بارے میں محکمہ خارجہ کو مطلع کرنے کی ضرورت ہے، اس قانون کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ امریکی حکام کو غیر ملکی اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے۔

امریکی محکمہ خارجہ کو تمام غیر ملکی تحائف کی سالانہ ایک فہرست جاری کرنی ہوتی ہے لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد اس میں بڑے تضادات پائے گئے۔

فوربز کے مطابق امریکی اخبار 'ٹائمز' نے گزشتہ سال رپورٹ کیا تھا کہ سعودی حکومت نے سال 2017 کے ریاض کے سرکاری دورے کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کو درجنوں شاندار تحائف دیے، لیکن ٹرمپ حکام کو پیش کی جانے والی متعدد تلواریں، خنجر اور کھالیں محکمہ خارجہ کی فہرست میں شامل نہیں ہوئیں۔

اس کے علاوہ محکمہ خارجہ نے گزشتہ برس اگست میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں نہیں معلوم کہ سال 2019 میں حکومت جاپان کی طرف سے سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کو دی گئی 5 ہزار 800 ڈالر کی وِسکی کی بوتل کا کیا ہوا؟

مزید پڑھیں: ٹرمپ کی کیپیٹل ہل حملے کا ریکارڈ خفیہ رکھنے کی درخواست مسترد

نومبر کی ایک رپورٹ میں محکمہ خارجہ کے انسپکٹر جنرل کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ وہ وسکی کی بوتل یا 560 ڈالر کے یادگاری سونے کے سکے کا پتا نہیں لگا سکا، اس معمے کا الزام جزوی طور پر ناقص ریکارڈ کیپنگ اور گفٹ والٹ میں ناقص سیکیورٹی پر عائد کیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈیموکریٹک نمائندے کیرولین میلونی نے صدارتی ریکارڈ مرتب رکھنے والی وفاقی ادارے یو ایس نیشنل آرکائیوز کے قائم مقام سربراہ کو ایک خط میں لکھا کہ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی تحائف کو غیر تسلی بخش طریقے سے سنبھالا اور انہیں محکمہ خارجہ کو رپورٹ کرنے میں ناکام رہا۔

کیرولین میلونی نے مزید کہا کہ 'اس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ملنے والے تحائف کی غیر ملکی ذرائع اور مالیاتی قیمت نامعلوم ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انکشافات سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر غیر ملکی حکومتوں کے غیر ضروری اثر و رسوخ کے امکانات کے بارے میں خدشات کو جنم دیتے ہیں، جس سے امریکا کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے مفادات خطرے میں پڑ سکتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کرکے 'ہراساں' کیا جا رہا ہے، ایوانکا ٹرمپ

دوسری جانب سابق صدر کے نمائندوں نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

علاوہ ازیں ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی اور محکمہ انصاف علیحدہ علیحدہ ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس سے خفیہ دستاویزات کو ہٹانے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں، تاہم ٹرمپ کسی بھی غلط کام کی تردید کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024