• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کورونا پابندیوں میں نرمی کے بعد عازمین حج کا پہلا گروپ سعودی عرب پہنچ گیا

شائع June 5, 2022
عہدیدار نے کہا کہ سعودی عرب عازمین حج کی مہمان نوازی کے لیے مکمل تیار ہے — فوٹو: اے ایف پی
عہدیدار نے کہا کہ سعودی عرب عازمین حج کی مہمان نوازی کے لیے مکمل تیار ہے — فوٹو: اے ایف پی

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب حج کی ادائیگی پر پابندی ختم ہونے کے بعد عازمین حج کا پہلا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈونیشیا سے آنے والے عازمینِ حج کا گروپ مدینہ منورہ پہنچا ہے جو آئندہ ہفتوں میں جنوبی مکہ کے سفر پر روانہ ہوگا تاکہ آئندہ ماہ حج کی ادائیگی کا فریضہ انجام دیا جاسکے۔

وزارت حج کے عہدیدار محمد البجاوی نے سرکاری چینل ’الاِخباریہ‘ کو بتایا کہ ’آج ہم نے رواں سال حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے پہلے گروپ کا استقبال کیا ہے، یہ گروپ انڈونیشیا سے پہنچا ہے جبکہ ملائیشیا اور بھارت سے بھی عازمین حج کے طیارے آرہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: رواں سال کیلئے حج کوٹے کا اعلان، پاکستان سے 81ہزار عازمین حج کریں گے

ان کا کہنا تھا کہ ’آج ہم بہت خوش ہیں، ہم نے کورونا وائرس کے سبب دو سال کے تعطل کے بعد سعودی عرب کے باہر سے آنے والے اللہ کی طرف سے بھیجے گئے مہمانوں کا استقبال کیا ہے‘۔

عہدیدار نے سعودی عرب کو زائرین کی مہمان نوازی کے لیے ’مکمل تیار‘ قرار دیا۔

2019 میں دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع میں 25 لاکھ عازمین نے شرکت کی تھی، تاہم 2020 میں عالمی وبا کے سبب سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ حج میں صرف ایک ہزار عازمین کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

2021 میں انہوں نے عازمین کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے 60 ہزار مکمل طور پر ویکسی نیٹڈ سعودی شہریوں کو حج کرنے کی اجازت دی تھی، رہائشیوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے رواں سال 10 لاکھ زائرین کو حج کی اجازت دے دی

غیر ملکی عازمین کو حج کی اجازت نہ دینے پر دنیا بھر میں سالوں سے فریضہ حج کی ادائیگی میں حصہ لینے کے لیے بچت کرنے والے مسلمانوں میں مایوسی پیدا ہوئی تھی۔

رواں سال اپریل میں سلطنت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ جولائی میں کیے جانے والے حج کی ادائیگی کے لیے ملک کے اندر اور باہر سے لاکھوں مسلمانوں کو حصہ لینے کی اجازت دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024