امیر گیلانی نے وکالت میں گریجویشن کرلیا
معروف ماڈل و اداکار امیر گیلانی نے معروف امریکی لا کالج سے قانون میں گریجویشن مکمل کرلیا، جس پر شوبز شخصیات سمیت مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
امیر گیلانی کو گزشتہ کچھ عرصے سے ماڈلنگ اور اداکاری سے دور دیکھا جا رہا تھا، کیوں کہ وہ امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی کے ’لا‘ کالج سے گریجویشن میں مصروف تھے۔
ماڈل و اداکار نے 29 مئی کو انسٹاگرام پر گریجویشن کانووکیشن تقریب کے دوران کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دوستوں اور مداحوں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے تعلیم مکمل کرلی۔
انہوں نے گریجویشن مکمل کرنے کو اپنی زندگی کا سب سے اہم اور خوشی کا دن قرار دیا اور لکھا کہ انہیں آج سے پہلے کبھی اتنی زیادہ خوشی نہیں ہوئی۔
انہوں نے لا میں گریجویشن مکمل کرنے پر ساتھ دینے پر والدین اور قریبی رشتے داروں سمیت دوستوں، مداحوں اور کلاس فیلوز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے گریجویشن مکمل ہونے پر خدا کے شکرانے بھی ادا کیے اور کہا کہ یقینا انہوں نے مذکورہ سفر مداحوں اور دوستوں کی دعاؤں سے مکمل کیا، جس میں ان کی محنت بھی شامل ہے۔
امیر گیلانی کی جانب سے گریجویشن کی پوسٹ کیے جانے پر متعدد شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور مداحوں نے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گریجویشن مکمل ہونے پر امیر گیلانی کو ساتھی اداکارہ ماورا حسین نے بھی مبارک باد پیش کی اور جلد ملک واپس آکر پارٹی دینے کی فرمائش بھی کر ڈالی۔
ماورا حسین کے کمنٹس پر امیر گیلانی نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ وہ ملک آکر انہیں ضرور پارٹی دیں گے اور یہ کہ ان کی دعاؤں کی وجہ سے ہی یہ سب ممکن ہوا۔
امیر گیلانی کی پوسٹ پر ماورا حسین کے کمنٹس پر بعض لوگوں نے ان کی دوستی کی چہ مگوئیاں بھی کیں اور بعض لڑکیوں نے اداکارہ کو آنٹی بھی لکھا اور امیر گیلانی کو تجویز دی کہ وہ ’آنٹی ماورا‘ سے دور رہیں۔