ہم نے جو مثبت قانون سازی کی اس کا آج جنازہ نکل گیا، شبلی فراز
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے پہلے دن سے ہی مسئلہ تھا کیونکہ یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں صاف شفاف انتخابات ہوں۔
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے ہمرام اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ حکومت کی طرف لایا جانے والا نیب قانون بھی اس کالے قانون کا حصہ ہے جس میں انہوں نے خود کو فائدہ پہنچایا ہے اور خود کو این آر او دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جنگ بھی یہی تھی کہ عمران خان ملک میں قانون کی بالادستی چاہتے تھے، وہ احتساب چاہتے تھے اور جس طرح سے احتسابی عمل کو تباہ کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان
شبلی فراز نے کہا کہ غیر ملکی پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننا، ای وی ایم مشین کو ختم کرنا، جو کہ یہ یقینی دہانی کراتی کہ نہ تو آپ کے ووٹ ضائع ہوتے مگر وہی ووٹ ڈالے جاتے ہیں جو کوئی شخص ڈالنا چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 20 لاکھ سے زائد خارج ووٹ ہوتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں بھی ہم نے یہ دیکھا کہ ہارنے والا 10 فیصد خارج ووٹ کی وجہ سے ہارتا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے جو مثبت قانون سازی کی تھی اس کا آج جنازہ نکل گیا ہے اور یہ وہی لوگ ہیں ان سے یہی توقع کی جاسکتی تھی، یہ شفاف انتخابات چاہتے ہیں نہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا چاہتے ہیں مگر یہ لوگ اپنے اوپر بنے نیب مقدمات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
ہم نے روس سے سستا ایندھن خرینا تھا، شوکت ترین
سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان شماریات بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 20 برسوں کے مقابلے میں گزشتہ دو برسوں میں سب سے زیادہ ترقی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹر شبلی فراز نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں عالمی منڈیوں میں ایندھن اور کوئلے کی قیمتیں بڑھی ہوئیں تھیں جس کی وجہ سے مہنگائی ہو رہی تھی جس کو ہم روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈیوں میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود بھی سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ چار ماہ تک نہ بجلی کی قیمت بڑھے گی، نہ ایندھن کی قیمت بڑھے کی بلکہ انہوں نے بجلی اور ایندھن کو مزید سستا کردیا۔
سابو وزیر خزانہ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہم یہ سب چار ماہ تک جاری رکھیں گے اور پھر ہم روس سے سستے داموں ایندھن خریدیں گے اور ہم تین ماہ میں ٹارگٹڈ سبسڈی دینے والے تھے اور وہ ہم کر بھی لیتے۔
قبل ازین، سینیٹ اجلاس میں انتخابات میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل پیش کرنے کی تحریک منظور کی گئی، ایوان میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل مسلم لیگ (ن) کے مرتضیٰ جاوید عباسی جبکہ نیب ترمیمی بل پیش کرنے کی تحریک اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی۔ اس دوران اپوزیشن ’نو، نو‘ کے نعرے لگاتی رہی۔
سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ہم کسی کو سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ایندھن کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔