• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

پشاور میں کور کمیٹی اجلاس میں مارچ کی تاریخ کا فیصلہ کریں گے، عمران خان

شائع May 20, 2022 اپ ڈیٹ May 21, 2022
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملتان میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے—فوٹو:ڈان نیوز
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ملتان میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے—فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتوار کو پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا فیصلہ کریں گے۔

ملتان میں پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی ڈرنے والا کھلاڑی بڑا کرکٹر نہیں بن سکتا، نقصان سے ڈرنے والا کوئی کاروباری بڑا تاجر نہیں بن سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار کی باریاں لینے والے کرپٹ لوگوں نے مجھ سے این آر او لینے کی بڑی کوشش کی، جب میں نے این آر او دینے سے انکار کردیا تو ہماری حکومت کے خلاف سازش کی گئی، انہوں نے مشرف کی طرح مجھ سے این آراو لینے کی پوری کوشش کی، کبھی لانگ مارچ اور کبھی اسمبلی میں برا بھلا کہا گیا، اپوزیشن کا ایک مقصد کرپشن کے کیسز معاف کرانا تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا میں نوجوانوں اور خواتین کے بغیر کوئی بھی انقلاب کامیاب نہیں ہوتا، شان دار استقبال پر ملتان کا شکریہ اداکرتا ہوں، یہ انقلاب آرہا ہے۔

'کہتے ہیں پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاؤ، تاکہ رد عمل فوج پر پڑے'

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھےکہا گیا کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے، بلٹ پروف شیشہ لگالو، خوف کا بت ٹوڑنے سے ہی قوم وجود میں آتی ہے، موت سے ڈرنے والے کسی فوجی نے کبھی بڑے تمغے حاصل نہیں کیے، جو موت سے ڈرتا ہو وہ کبھی بڑے تمغے حاصل نہیں کرسکتا، ذلت اور نوکری جانے کا خوف بڑے انسان کو چھوٹا بنا دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کرپٹ لوگوں نے مجھے بلیک میل کرنے کی بڑی کوشش کی، میرے پاکستانیو، مجھے بتاؤ کیا میں ان کو این آر او دیتا، کبھی اپنی قوم کو کسی کے سامنے جھکنے نہیں دوں گا، مسلم لیگ (ن) والے جواب دیں کہ کبھی گیدڑ قوم کا لیڈر بند سکتا ہے، کبھی گیدڑ کو بھی کوئی لیڈر مانتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اتنی ڈرپوک حکومت ہے جو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھانے سے اتنی ڈری ہوئی ہے کہ کہتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانے کے لیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلاؤ تاکہ قیمتیں بڑھانے کا رد عمل فوج پر پڑے، یہ حال ہے اس حکومت کا۔

'سازش کرنے والوں نے سمجھا پی ٹی آئی کی قبر تیار ہوگئی'

عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کرپٹ حکمرانوں نے ہمارے خلاف سازش کی اور ان کے ساتھ امریکا مل گیا، امریکی سفارت خانے کے لوگوں نے ہمارے لوگوں سے ملاقاتیں شروع کردیں، 8 مارچ کو ایک امریکی عہدیدار نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی کہ اگر عمران خان کو عدم اعتماد میں شکست نہ دی تو پاکستان کے اوپر مشکل وقت آئے گا اور اگر عمران خان کو ہٹادیا تو پاکستان کو معاف کردیا جائےگا۔

ساابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم خود دار قوم ہیں، ہمیں ان کی معافی کی ضرورت نہیں لیکن اس ملک کی اشرافیہ امریکی دھمکی سے ڈر گئی اور 22 کروڑ کے منتخب وزیراعظم کو سازش کے تحت ہٹایا، سازش کرنے والوں نے سمجھا کہ اب تحریک انصاف کی قبر کھودی گئی ہے، اب پارٹی کو خدا حافظ کہنا چاہیے۔

'جتنی دیر یہ حکمران چلیں گے اتنے ذلیل ہوں گے'

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے اللہ کا منصوبہ کچھ اور تھا، انہوں نے ہماری پارٹی کو دفن کرنے کی کوشش کی مگر اس نے میری ساری قوم کو جگادیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے اپنی قوم کی فکر نہ ہو تو میں چاہوں گا کہ یہ حکومت کچھ مہینے مزید چلے تاکہ ساری قوم کے سامنے ان کا اصل چہرہ آجائے کہ سوائے کرپشن کے انہوں نے آج تک کیا ہی کچھ نہیں ہے، جتنی دیر یہ حکمران چلیں گے، اتنے ذلیل ہوں گے اور ان کے ساتھ سازش کرکے ان کو لانے والے بھی ذلیل ہوں گے۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا ان کو بے نقاب کرنےکے لیے ان کو چلنے دینا چاہیے مگر ملک کا دیوالیہ نکل رہا ہے، روپیہ گر رہا ہے، روپیہ گرنے کی وجہ سے مزید مہنگائی آنے والی ہے، کیونکہ روپیہ گرنے سے درآمد کی جانے والی ساری چیزیں پیٹرول، گیس، گھی، دالیں مہنگی ہوجاتی ہیں، اس لیے اگر ہم سیاست کا سوچیں تو ہم چاہیں گے کہ یہ حکومت چلے لیکن جتنی دیر یہ حکومت چلے گی یہ ملک کو سری لنکا جیسے حالات کی جانب دھکیل دیں گے۔

'مریم، دیکھو تھوڑا دھیان کرو، تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے'

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا اس تمام صورت حال میں آج میں ملتان میں یہ مطالبہ کرتا ہوں کہ جلد از جلد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ ’مجھے کسی نے سوشل میڈیا پر تقریر بھیجی، کل مریم کہیں تقریر کر رہی تھی، اس میں اتنی دفعہ اور اس جذبے سے اور اس جنون سے میرا نام لیا کہ میں اس کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو تمہارا خاوند ہی ناراض نہ ہوجائے جس طرح تم یہ بار بار میرا نام لیتی ہو‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنی آزاد عدلیہ کے لیےتحریک جنرل مشرف کے دور میں جب میں 8 روز کے لیے جیل گیا تو مجھے وہاں کوئی طاقتور ڈاکو نہیں آیا، کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی جب تک وہاں سب کے لیے ایک قانون نہ ہو، جو قوم چھوٹے چوروں کو جیلوں میں ڈالتی ہے اور بڑے ڈاکووں کو نہیں پکڑتی وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے، لندن میں بیٹھا ہوا ملک کے فیصلے کررہا ہے، کبھی آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں، کبھی لندن بھاگتے ہیں، وہ خود کو تجربہ کار کہتے تھے، اب پتا لگا ان کو سارا تجربہ کرپشن کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان شااللہ عوام کا سمندر اسلام آباد جائے گا، ہم نے صرف ایک چیزمانگنی ہے اسمبلی کب تحلیل اور الیکشن کب ہوگا، میں نے فیصلہ کرنا ہے کس دن اسلام آباد بلانا ہے، گھبرانا نہیں، جذبہ و جنون ہے۔

'نواز شریف جہاز کی سیڑھیاں ایسے چڑھا جیسے اولمپکس ٹریننگ کے لیے آیا'

پی ٹی آئی چیئر مین نے مسلم لیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) والو خدا کے واسطے مجھے جواب دو کہ کیا کبھی کوئی گیدڑ لیڈر بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے اتحادی زرداری نے کہا تھا نوازشریف اٹک جیل میں اتنا روتا تھا کہ ٹشو ختم ہو جاتے تھے، مشرف سے معاہدہ کرکے سعودی عرب بھاگ گیا، اس بار پھر جھوٹ بول کر ڈراما کر کے لندن بھاگ گیا، ہمارے اجلاس کے دوران ہمیں بتایا کہ اتنا بیمار ہے کہ شاید جہاز پر بھی نہ بیٹھ سکے۔

عمران خان نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران شیریں مزاری بیماریاں سن کر کابینہ میں رونا شروع ہوگئی تھیں کہ بے چارے کو جانے دیں، نوازشریف جیسے جہازپر چڑھا، نیا نواز شریف سامنے آگیا، بیماری ختم ہو گئی، نواز شریف جہاز کی سیڑھیاں ایسے چڑھا جیسے اولپمکس کے لیے ٹریننگ کرنے کے لیے آیا ہے، پھر لندن کی ہوا لگی تو نواز شریف سیاست دان بن گیا۔

'اب پتا چلا ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے'

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) والو آپ لوگ کیسے اس آدمی کے پیچھے چل سکتے ہو جس کو عدالت نے سزا دی ہوئی ہو، جو اربوں روپے گھروں میں رہتا ہو، جس کے بچے اربوں روپے کے گھروں کا حساب دینے سے انکار کریں تو آپ کیسے اس کے پیچھے چل سکتے ہو۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چھوٹا بھائی چیری بلاسم نے لاہورہائی کورٹ میں نوازشریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی، شہباز شریف کو جھوٹی گارنٹی پر بھی سزا ہونی چاہیے تھی، ان کے ساتھ آصف زرداری مل گیا اور وہ بھی مل گیا جس کی آج کل قیمت بڑھانی ہے، یہ اتنے ڈرے ہوئے ہیں کہ پیٹرول کی قیمت نہیں بڑھارہے، ان سب نے امریکا کے ساتھ مل کرسازش کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پہلے سے ہی قومی حکومت بنانے کا اعلان کر رہے تھے، یہ سمجھ رہے تھے ڈیڑھ سال حکومت کریں گے، الیکشن کمیشن پہلے ہی ان کے ساتھ تھا، یہ سمجھ رہے تھے دھاندلی کے ذریعے الیکشن جیت جائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے تو قوم کو بتایا تھا بڑے تجربہ کار ہیں، وزیراعظم کو 6 ہفتے ہو گئے ہیں کہتے ہیں صبح 7 بجے جاگ جاتا ہے، میرا مالی 6 بجے جاگ جاتا ہے،7 بجے جاگنے سے کیا ہوتا ہے، ڈالر 200 کا ہوگیا ہے، اب پتا چلا ہے ان کا سارا تجربہ کرپشن کا ہے، یہ جب اقتدارمیں آتے ہیں تو پیسہ بناتے ہیں اورملک مقروض ہوجاتا ہے۔

'ریٹائرڈ فوجی بھی ہمارے ساتھ آنے کے لیے تیار ہیں'

انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے سازش کرنے میں لگے تھے، اب اقتدار مل گیا تو ملک کیوں نہیں سنبھل رہا؟ شہبازشریف کبھی لندن بھاگتا ہے، کبھی کہتے ہیں نیشنل سکیورٹی، چیزیں مہنگی کرے، 30 سال سے مقروض کرنے والے ملک کے مسئلے حل نہیں کرسکتے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمیشہ سوچتا ہوں ان کو اتنا زیادہ مجھ پرغصہ کیوں ہے، ان کے چچا، بھائیوں کو مجھ پر اتنا غصہ کیوں، ان کے سارے کیسز تو پیپلزپارٹی دور کے بنے ہوئے ہیں، شہبازشریف مقصود چپڑاسی کیس کے علاوہ باقی سب پرانے کیس ہیں تو مجھ سے انہیں گلہ کس جیز کا ہے کہ میں کیس معاف نہیں کرتا، انہیں قانون کے نیچے لانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم اگر آج نہیں نکلی تو ہم 2 غلامی کریں گے، ایک غلامی امریکا کی، کیونکہ یہ امریکا کے غلام ہیں، دوسری غلامی 30 سال سے ملک کو لوٹنے والے ڈاکووں کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب میں وزیراعظم کے عہدے سے ہٹا تو اس وقت میں نے فیصلہ کیا تھا کہ میں سڑکوں پر نکلوں گا، اگر اکیلا بھی نکلنا پڑا تو نکلوں گا، اس وقت مجھے اندازہ نہیں تھا کہ پوری قوم میرے ساتھ کھڑی ہوجائے گی، اندازہ نہیں تھا کہ خواتین، اسکول کے بچے، ہر شعبے کے ملازمین نے کہا، پولیس والوں نے کہا کہ ہمارے گھر والے بھی آرہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ویسے سول سروس والے سب سے ڈرپوک ہوتے ہیں، سب سے بزدل بیوروکریٹ ہوتے ہیں، انہوں نے بھی کہہ دیا کہ ہمارے خاندان آرہے ہیں، ملک کے لیے قربانیاں دینے والے ریٹائرڈ فوجی بھی ہمارے ساتھ آنے کے لیے تیار ہیں، اسلام آباد میں دنیا کی تاریخ کا بڑا عوامی سمندر اسلام آباد میں لوگ دیکھیں گے۔

'آج کی نئی پیش رفت، لوٹوں کو نا اہل کردیا گیا'

ان کا کہنا تھا بات سیاست سے اوپر چلی گئی، یہ انقلاب پاکستانیوں کو ایک قوم بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہم امریکی جنگ میں شامل ہوئے، اس وقت ہماری یہ غلطی تھی کہ ہمارے اس وقت کے سربراہ نے امریکی دھمکی کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، اس می اتنی دلیری نہیں تھی کہ اپنے لوگوں کے لیے کھڑا ہوتا، گھٹنے ٹیک کر پاکستان کا نقصان کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انٹرویو میں اڈوں کی بات ہوئی تو میں نے اس لیے انکار کیا اور واضح کردیا کہ امن میں ساتھ چلیں گے، کسی کی جنگ میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج میرا اسلام آباد جلسے سے قبل آخری جلسہ ہے، آج ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، لوٹوں کو نا اہل کردیا گیا ہے، اتوار کو میں نے پشاور میں کور کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے جس میں فیصلے کے بعد 25 مئی سے 29 مئی کے درمیان کسی تاریخ کو اسلام آباد آنے کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پرسوں میں اسلام آباد مارچ کی تاریخ کا اعلان کردوں گا تاکہ آپ سب کو تیاری کا وقت مل جائے، انہوں نے مزید کہا کہ 25 سے 29 تک آپ کو اسلام آباد آنے کی تاریخ مل جائے گی اور میں چاہتا ہوں کہ آپ سب اسلام آباد آنے کی تیاری کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Fahad May 20, 2022 11:22pm
کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے آج آپ نے جس طرح قوم کی بیٹی کے لیے انتہائی گندی زبان استعمال کی ہے اس سے آپ کے اندر کاشیطانی فطور کھل کر سامنے آگیا ہے شیم یو مسٹر خان اپنی قوم کی بہنوں اور بیٹیوں کو تو بحش دو اس طرح کے الفاظ استعمال کرکے آپ اپنے خاندان اور اپنی تربیت کے بارے میں سب کو بتا رہے ہیں آپ کی آج کی بکواس کے بعد کسی بھی غیرت مند بہنوں اور بیٹیوں کو آپ کے جلسے میں نہیں جانا چاہیے

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024