• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ڈالر کی اڑان بدستور جاری، انٹربینک میں 200 روپے 50 پیسے کا ہوگیا

شائع May 20, 2022
ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی پر مبنی عناصر نے جلتی پر تیل چھڑکا ہے —تصویر: اے ایف پی
ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی پر مبنی عناصر نے جلتی پر تیل چھڑکا ہے —تصویر: اے ایف پی

ڈالر کی قیمت میں اضافہ مسلسل 11ویں روز بھی جاری رہا اور گزشتہ روز 200 روپے کی تاریخی بلندی چھونے کے بعد آج بھی انٹربینک میں اس کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے مطابق سبز کرنسی صبح 10:45 بجے کے قریب 200.50 روپے میں ٹریڈ ہو رہا تھا۔

گزشتہ منگل سے روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کی بڑی وجہ ملک کے بڑھتے ہوئے درآمدی بل، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹر بینک میں ڈالر تمام ریکارڈز توڑ کر 200 روپے تک جا پہنچا

اپریل میں درآمدات میں 72 فیصد اضافہ ہوا، جس سے حکومت کے پاس بیرونی توازن کو بہتر کرنے کی کوئی گنجائش نہیں رہی اور 13 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید 14 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کم ہو کر 10 ارب 16 کروڑ ڈالر رہ گئے۔

ویب پر مبنی مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی پورٹل میٹیس گلوبل کے مطابق 'ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور قیاس آرائی پر مبنی عناصر نے جلتی پر تیل چھڑکا ہے'۔

دریں اثنا تجزیہ کاروں نے اسے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے ساتھ سعودی عرب، چین کی جانب سے فنڈز کے اجرا اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کو روکنے کے منصوبوں پر حکومت کی جانب سے واضح نہ ہونے سے بھی جوڑا ہے۔

حکومت اب تک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کو مدد کے لیے قائل کرنے میں ناکام رہی ہے اور جب کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں، انہیں شرح تبادلہ کو مزید خراب ہونے سے بچانے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر کی ڈبل سنچری مکمل، اوپن مارکیٹ میں 200 روپے کا ہوگیا

جہاں تک درآمدات کا تعلق ہے، حکومت نے کل ایک 'ہنگامی' منصوبے کا اعلان کیا جس کے تحت تقریباً 800 اشیا کی درآمد پر پابندی لگا دی گئی۔

تاہم ایف اے پی کے چیئرپرسن ملک بوستان کے مطابق صرف درآمدات پر پابندی کا اقدام ڈالر کی اڑان کو کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا اور دوحہ میں آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے اختتام تک روپیہ دباؤ میں رہے گا۔

انہوں نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'حکومت اقدامات کر رہی ہے لیکن سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی میں وقت لگے گا۔'

البتہ ایف اے پی کے سیکریٹری جنرل ظفر پراچا حکومتی اقدام کے اچھے نتائج کے بارے میں پرامید دکھائی دیے، انہیں اس لیے بھی اعتماد ہے کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اپریل میں 62 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق اپریل کے اعداد و شمار 'مارچ 2022 کے 10 ارب 15 کروڑ ڈالر کے خسارے کا صرف دو تہائی' ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'ترسیلات زر میں (31 کروڑ 50 لاکھ کا) اضافہ اور درآمدات میں (24 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی) کمی اس خسارے کو کم کرنے کی وضاحت کرتی ہے۔'

ظفر پراچا نے کہا کہ وہ توقع کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بات چیت کے اختتام اور بین الاقوامی قرض دہندہ کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی قسط کے اجرا کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ مزید کم ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ’ہنگامی معاشی منصوبہ‘، لگژری اشیا کی درآمد پر پابندی

انہوں نے کہا کہ ایک بار ایسا ہونے کے بعد روپیہ ٹھیک ہو جائے گا اور ڈالر کی اڑان رک جائے گی۔

دریں اثنا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ادریس میمن نے درآمدات پر پابندی کے ساتھ ساتھ سرحدوں پر سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ اسمگلنگ کو روکا جا سکے، جس سے ان کے بقول حکومت کو ریونیو کا نقصان ہو سکتا ہے اور مقامی صنعت کاروں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

انہوں نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ آج شام 4 بجے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور انہیں روپے کی گراوٹ اور معاشی محاذ پر درپیش چیلنجز سے آگاہ کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024