بجلی بند ہوجانے سے بہنوں کی غلط دلہوں سے شادی ہوگئی
اس میں کوئی شک نہیں کہ اندھیرے میں بہت سارے کام بنتے نہیں صرف بگڑ جاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ہوا پڑوسی ملک بھارت میں، جہاں رات کے وقت بجلی بند ہوجانے سے دو سگی بہنوں کی شادی غلط دلہوں سے ہوگئی۔
جی ہاں، بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں اس وقت فلمی سین ہوگیا، جب دو سگی بہنیں دو مختلف خاندان سے تعلق رکھنے والے دلہوں سے شادی کے لیے سات پھیرے لے رہی تھیں۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق مدھیا پردیش کے ایک گاوٌں میں دو سگی بہنوں کی شادی کی رسومات کے دوران اچانک بجلی بند ہوگئی، جس کے باعث دونوں بہنوں کی غلط دلہوں کے ہمراہ شادی ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق دونوں بہنوں نے گاؤں کی شادی کی رسومات کے تحت چہرہ ڈھانپ رکھا تھا اور دونوں نے ایک جیسا ہی لباس پہن رکھا تھا، جس وجہ سے دونوں کو واضح انداز میں پہچاننا مشکل تھا۔
دونوں بہنوں نکیتا اور کرشما کی شادی دو مختلف دلہوں دنگوارا بھولا اور گنیش سے ہو رہی تھی،تاہم شادی کی آخری رسومات کے دوران رات گئے اچانک بجلی بند ہوگئی اور وہاں اندھیرا ہوگیا۔
اندھیرا ہوجانے کے باوجود ان کی شادی کی رسومات جاری رہیں، جس کے باعث دونوں بہنوں کی شادی غلط دلہوں سے ہوگئی اور جب تک بجلی آئی، تب تک پانی سر سے گزر چکا تھا۔
دلہنوں کی غلط دلہوں سے شادی ہوجانے کے بعد خاندانوں میں تکرار بھی ہوئی اور معاملہ کھٹائی میں بھی پڑا، تاہم برادری کے لوگوں نے معاملے کو سلجھایا، جس کے بعد دونوں لڑکیوں کی دوبارہ شادی کروائی گئی۔
بعد ازاں دونوں دلہنوں کو حقیقی دلہا سے بیاہا گیا، جس دلہا اور دلہن کے گھر والوں سمیت ان کے رشتے دار بھی خوش دکھائی دیے۔