• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نوید اصغر کو چیئرمین واپڈا مقرر کرنے کا فیصلہ، سمری وزیر اعظم کو ارسال

شائع May 9, 2022
کابینہ کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں سمری کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے— فائل فوٹو: واپڈا ویب سائٹ
کابینہ کا اجلاس بدھ کو ہوگا جس میں سمری کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے— فائل فوٹو: واپڈا ویب سائٹ

حکومت نے واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے چیئرمین کے عہدے کی ذمہ داریاں نوید اصغر کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے متعلق سمری وزیر اعظم پاکستان اور کابینہ ڈویژن کو ارسال کردی گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ’ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد وزارتِ آبی وسائل نے چیئرمین کے عہدے کی ذمہ داری مالیاتی رکن نوید اصغر کو سونپنے کی سمری وزیر اعظم کے دفتر بھیجی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بدھ کو کابینہ ڈویژن کے اجلاس میں سمری منظور کرلی جائے گی۔

عہدیدار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سمری میں لفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کے تحریری استعفے کے بعد سرکاری ضروریات کی بنیاد پر نوید اصغر کو تعینات کرنے کی وجوہات درج کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: چیئرمین پیمرا، واپڈا عہدوں سے فارغ

ان کاکہنا تھا کہ اجلاس میں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کا استعفیٰ بھی منظور کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ مزمل حسین نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے 7 مئی کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، انہوں نے پانچ سال چیئرمین واپڈا کے عہدے پر خدمات انجام دیں۔

لفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کو 24 اگست 2016 کو اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے ظفر محمود کی جگہ چیئرمین واپڈا تعینات کیا تھا۔

مزمل حسین کا کنٹریکٹ گزشتہ سال 24 اگست کو ختم ہوگیا تھا لیکن پی ٹی آئی کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے انہیں مزید پانچ سال کی توسیع دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کالا باغ ڈیم کے حامی واپڈا کے چیئرمین مستعفی

ان کے اچانک استعفے نے لوگوں کو حیران کردیا تھا کیونکہ ان کے دور میں ملک کے پانی اور بجلی کے شعبے میں بہتری آئی تھی، سوشل میڈیا پر کچھ بلاگرز نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ مزمل حسین نے سابق وزیر اعظم کو ہٹانے کی حالیہ تحریک عدم اعتماد کے دوران پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی حمایت میں عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

اپنے استعفے میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین واپڈا نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پچھلے 5 سالوں میں کچھ شاندار سنگ میل حاصل کیے ہیں، جس میں کئی ہائیڈرو پاور پروجیکٹس شامل ہیں جو پہلے پیچیدگیوں اور تاخیر کا شکار تھے۔

ان منصوبوں میں نیلم جہلم، کچھی کینال، تربیلا چوتھی توسیع اور گولن گول شامل ہیں۔

مزمل حسین نے بتایا تھا کہ 2 کھرب 60 ارب روپے سے زائد کی لاگت کے 10 سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024