ایل او سی پر فائرنگ، دوپاکستانی فوجی ہلاک
اسلام آباد: پاک فوج کا کہنا ہےکہ جمعرات کو دو دن میں ہونے والے دوسرے واقعے میں متنازعہ علاقے کشمیر کو الگ کرنے والی لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) پر ہندوستان کی جانب سے فائرنگ کے بعد ایک اور سپاہی ہلاک ہوگیا ہے۔
اس سے قبل آئی ایس پی آر نے تصدیق کی تھی کہ ایل او سی پر فائرنگ کے بعد ایک فوجی ہلاک اور دوزخمی ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ بدھ کو بھی پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا ایک فوجی لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے۔
جمعرات کے روز پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولہ کوٹ سیکٹر میں رکھ چکری کے مقام پر ہندوستانی فورسز کی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک جوان ہلاک ہوگیا ہے جبکہ یہ واقعہ تقریباً دوپہر 12 بجے کے قریب پیش آیا۔
دوسری جانب ہندوستانی فوجی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے پاکستانی فوج کی جانب سے فائرنگ پر جوابی کارروائی کی جو کہ تین گھنٹے تک جاری رہی۔
یاد رہے کہ یہ پیشرفت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز پاکستا نے ہندوستان سے سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔
گزشتہ ماہ ایل او سی پر پانچ ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ایل او سی پر جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس کا الزام ہندوستان پاکستان پر عائد کرتا ہے جبکہ اسلام آباد نے اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔
بعدازاں ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا تھا کہ پاکستان کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں پر ہندوستانی فوج ‘ ہر ممکن اقدام’ کرے گی۔
دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی نے اگلے مہینے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب من موہن سنگھ کے درمیان متوقع ملاقات میں کسی پیش رفت کے امکان کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ دونوں ممالک افغانستان میں اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتے ہیں جسکی وجہ سے کشیدگی جاری رہ سکتی ہے جہاں سے نیٹو افواج 2014ء میں انخلا کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
دفتر خارجہ کا ردعمل
پاکستان نے کنٹرول لائن پر ہندوستان کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزی کے حالیہ واقعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پڑوسی ملک پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد قائم کرنے اور مسائل کے حل کے لئے مذاکرات کی حکمت عملی اختیار کرے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی قیادت سے کہا کہ وہ کنٹرول لائن پر کشیدگی پر کمی کے لئے پاکستان کی طرح تحمل کا مظاہرہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو فائر بندی کی خلاف ورزیوں اور دیگر اشتعال انگیزیوں کو بند کرنا چاہیے۔