• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ملک بھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی

شائع May 3, 2022 اپ ڈیٹ May 4, 2022
نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی اور دو سال بعد اہلیان پاکستان نے کورونا وائرس کی پابندیوں کے بغیر عید کی خوشیاں منائیں۔

نماز عید کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا عید الفطر پر 4 چھٹیوں کا اعلان

یہ دو سال کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے عوام کورونا وائرس کے موذی مرض کی پابندیوں کے بغیر عید کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوئے۔

کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولو گراؤنڈ (باغ جناح) میں ہوا اور کورونا کی پابندیاں نہ ہونے کی وجہ سے دو سال بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے نماز عید کے اجتماع میں شرکت کی۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 2 ہزار سے زائد مقامات پر نماز عید ادا کی گئی جس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے ملک کو قوم کی خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔

کوئٹہ میں مجموعی طور پر عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور میٹروپولیٹن گراؤنڈ میں نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کیا گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں آج سرکاری سطح پر عید الفطر منائی جارہی ہے

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارک دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمنائوں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

عید پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ رمضان المبارک کی بابرکت سعادتوں اور رحمتوں سے بھرپور ساعتوں کے بعد اللہ تعالی نے عید کا انعام عطا فرمایا ہے جو رب کریم کی بے پناہ عنایات کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ صبر، ایثار اور قربانی کے اس ماہ مقدس نے ہمیں دوسروں کی تکالیف کا جو احساس عطا کیا ہے، اس کا تقاضا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں مناتے ہوئے ہم اپنے ارد گرد تمام نادار ومفلس اور ضرورت مند افراد اور خاندانوں کا خاص خیال رکھیں، یہی اس دن کی حقیقی روح اور نبی رحمت خاتم النبیین ﷺ کاپیغام ہے۔

وزیر اعظم نے عید الفطرکے تین روز لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ اہل وطن عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں مناسکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج کے خوشیوں کے اس دن ہم اپنے فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے محکوم مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالی انہیں ظلم وجبر واستبداد سے نجات دلائے اور آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کی عید کی تعطیلات کے دوران پاکستان بھر میں بارش، آندھی کی پیشگوئی

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے افغان عوام کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔

ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثاروقربانی کا دن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عید الفطر کا دن اللہ سبحانہ وتعالی کی طرف سے بخشش، رحمت اور عفو ودرگزر کے ساتھ ساتھ خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثاروقربانی کا دن ہے۔

صدر مملکت عارف علوی اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کررہے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
صدر مملکت عارف علوی اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کررہے ہیں— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم دعا کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں ناصرف اپنی ذات بلکہ ملک وقوم کی فلاح وترقی کا سبب بنائے اور ملکی سالمیت و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ شوال کا چاند نظر نہ آنے پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے منگل کو ملک بھر میں عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم ایک مرتبہ پھر خوشیوں کا یہ تہوار تنازع کی نظر ہوا اور ملک میں سرکاری سطح پر دو عیدیں منائی گئیں۔

خیبر پختونخوا حکومت نے مرکزی کمیٹی کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے صوبے میں پیر کو ہی عید منانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عید منانے کیلئے آبائی علاقے جانے والوں کا ریلوے اسٹیشنز، بس اڈوں پر رش

صوبائی حکومت کے ترجمان نے حکومت پر صوبے سے 130شہادتیں نہ ماننے کا الزام عائد کیا تھا اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پیر کو سرکاری سطح پر عید الفطر منائی گئی۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے عید الفطر پر 2 سے 5 مئی تک کی چار چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024