حدیقہ کیانی ’بوہے باریاں‘ کو کاپی کرنے پر بھارتی گلوکارہ پر برہم
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنے مقبول ترین گانے ’بوہے باریاں‘ کو کاپی کرنے پر بھارتی گلوکارہ کانیکا کپور پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دھن اور شاعری کو ان کی اجازت کے بغیر استعمال کیا گیا۔
حدیقہ کیانی نے انسٹاگرام اسٹوری میں حال ہی میں کانیکا کپور کی جانب سے ریلیز کیے گئے گانے ’بوہے باریاں‘ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ گلوکارہ سے قبل بھی متعدد بھارتی گلوکاروں نے ان کے گیت کی کاپی کی۔
گلوکارہ و اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو ان کی اجازت کے بغیر اور انہیں کوئی معاوضہ دیے بغیر ہی شاہ رخ خان اور پریٹی زنٹا کی ایک فلم میں بھی شامل کیا گیا جب کہ ان کے گانے کو متعدد بھارتی گلوکار بھی بغیر اجازت گا چکے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ بعض بھارتی گلوکاروں کی جانب سے گائے گئے ان کے گانے ’بوہے باریاں‘ کو یوٹیوب پر 20 کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے مگر انہیں کسی طرح کی کوئی رائلٹی نہیں دی گئی اور نہ ہی ان سے پیشگی اجازت لی گئی تھی۔
حدیقہ کیانی نے لکھا کہ بھارتی گلوکاروں کی جانب سے ان کے مقبول ترین گیت کو کاپی کیے جانے اور اسے چوری گانے کے معاملے پر ان کے احتجاج کے بعد بعض لوگوں نے انہیں کریڈٹ دیا اور یوٹیوب پر لکھا کہ مذکورہ گانے کو پہلے حدیقہ کیانی نے گایا تھا
انہوں نے اپنے مقبول ترین گانے کے حوالے سے بتایا کہ ’بوہے باریاں‘ کی شاعری ان کی والدہ نے لکھی تھی اور اسے کئی بھارتی گلوکاروں نے چوری کرکے پیسے کمائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں ’بوہے باریاں‘ گانا چوری کرنے والی گلوکارہ کانیکا کپور سے کوئی مسئلہ نہیں، بس وہ یہ کہنا چاہتی ہیں کہ ان کے گیت کو گانے سے قبل ان سے اجازت لی جانی چاہیے۔
ساتھ ہی حدیقہ کیانی نے لکھا کہ بھارت کی جانب سے تاحال پاکستانی موسیقی کو چوری کرنے کا سلسلہ جوں کا توں جاری ہے۔
خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ’بوہے باریاں‘ کو 1999 میں ریلیز کیا تھا، ان کا مذکورہ گانا ان کے ایلبم ’روشنی‘ میں شامل تھا۔
’بوہے باریاں‘ حدیقہ کیانی کے سب سے مقبول گانوں میں سے ایک ہے، جس کی کاپی کرتے ہوئے گلوکارہ کانیکا کپور نے حال ہی میں ’بوہے باریاں‘ گانا جاری کیا تھا، جسے یوٹیوب پر ایک دن میں 20 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔