• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سابق روسی ٹینس اسٹار ماریا شیرا پووا کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

شائع April 21, 2022
ماریا شیرا پووا نے 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
ماریا شیرا پووا نے 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

سابق گرینڈ سلم چیمپیئن ٹینس اسٹار ماریا شیرا پووا نے تصدیق کی ہے کہ ان کے ہاں جلد پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سابق روسی ٹینس اسٹار نے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کی۔

ماریا شیرا پووا نے انسٹاگرام پر ساحل سمندر پر کھچوائی گئی اپنی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں ’بے بی بمپ‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

سابق گرینڈ سلم چیمپیئن نے اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع پیدائش کا اعلان اپنی 35 ویں سالگرہ کے موقع پر کیا۔

ماریا شیرا پووا نے دسمبر 2020 میں برطانوی صنعت کار 45 سالہ الیگزینڈر گلکیس سے منگنی کی تھی، جن سے ان کے گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے۔

ماریا شیرا پووا کی یہ دوسری منگنی ہے جب کہ الیگزینڈر گلکیس کی بھی دوسری منگنی ہے۔

ماریا شیرا پووا نے پہلی منگنی ایک دہائی قبل 22 سال کی عمر میں 2010 میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی سے کی تھی اور دونوں نے تقریبا 2 سال تک ایک ساتھ زندگی گزاری۔

تاہم 2012 میں دونوں کے درمیان تلخیاں بڑھ گئیں تو دونوں نے رشتہ بھی ختم کرلیا اور بعد ازاں ٹینس اسٹار نے دیگر مرد حضرات سے تعلقات استوار کیے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق روسی ٹینس اسٹار و ماڈل ماریا شیرا پووا نے منگنی کرلی

لیگزینڈر گلکیس نے پہلی شادی معروف برطانوی فیشن ڈیزائنر مشا نونو سے 2003 میں کی تھی تاہم انہوں نے پہلی اہلیہ سے 13 سال بعد 2016 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

ماریا شیرا پووا 7 برس کی عمر میں 1994 میں ٹینس کی ٹریننگ کے لیے امریکا منتقل ہوئی تھیں۔

دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

2004 میں 17 برس کی عمر میں ماریا شیرا پووا نے ومبلڈن کے فائنل میں نمبر ون سیڈ سرینا ولیمز کو شکست دے کر پہلا گرینڈ سِلیم اپنے نام کیا تھا۔

ماریا شیراپووا 2005 میں پہلی مرتبہ عالمی درجہ بندی میں نمایاں ہوئیں جب انہوں نے ومبلڈن ٹائٹل کے ساتھ 2 فرنچ اوپن ٹائٹل، ایک آسٹریلین اوپن اور یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا۔

مزید پڑھیں: ٹینس اسٹار ماریا شیراپووا نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

2016 میں ماریا شیراپووا نے ممنوعہ دوا کے استعمال کے باعث آسٹریلین اوپن کے دوران ’ڈرگ ٹیسٹ‘ میں ناکامی کا اعتراف کیا، جس کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے انہیں 2 برس کے لیے عبوری طور پر معطل کردیا تھا۔

پابندی ختم ہونے کے بعد وہ 2018 میں ٹینس میں دوبارہ آئیں مگر کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر پائیں، جس کے بعد انہوں نے فروری 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ماریا شیرا پووا کو ان کے کھیل سے زیادہ ان کی خوبصورتی اور ماڈلنگ کی وجہ سے شہرت حاصل رہی اور وہ آج بھی ماڈلنگ کے باعث شہرت رکھتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024