• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’جعلی تصدیق‘ پر عدالتی عہدیداروں سے وضاحت طلب

شائع April 18, 2022
ہائی کورٹ کی انتطامیہ نے سیشن جج اور دیگر عہدیداروں سے جعلی تصدیق پر وضاحت طلب کی —فائل فوٹو: آئی ایچ سی ویب سائٹ
ہائی کورٹ کی انتطامیہ نے سیشن جج اور دیگر عہدیداروں سے جعلی تصدیق پر وضاحت طلب کی —فائل فوٹو: آئی ایچ سی ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتظامیہ نے رعایتی نرخ پر پلاٹس کا اہل بنانے کے لیے ملازمین کی ’جعلی‘ تصدیق پر ایک سیشن جج، ایک ایڈیشنل رجسٹرار، ایک ڈپٹی رجسٹرار اور ایک اور عہدیدار سے وضاحت طلب کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہائی کورٹ انتظامیہ کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا جواد عباس حسن جو اس وقت انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے خصوصی جج تعینات ہیں، ایڈیشنل رجسٹرار امتیاز احمد، ڈپٹی رجسٹرار علی احمد اور اسسٹنٹ محمد مشتاق سے وضاحت مانگی گئی ہے۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (ای جی ای ایچ اے) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو لکھے ایک خط میں انکشاف کیا کہ رجسٹرار آفس نے سال 2017 میں ان ملازمین کے جھوٹے دعووں کی تصدیق کی جن کی تعیناتی کو سپریم کورٹ 2016 میں ہی کالعدم قرار دے چکی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا سیکٹر 14، 15 میں پلاٹس کی قرعہ اندازی پر حکم امتناع

اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی تصدیق کی وجہ سے نااہل افسران کو رعایتی نرخوں پر قیمتی پلاٹس الاٹ کیے گئے۔

ہاؤسنگ اتھارٹی نے ایک اور خط میں لاہور ہائی کورٹ کے پلاٹ کے حصول کے لیے ایڈیشنل رجسٹرار عبدالحفیظ کی درخواست کا حوالہ دیا جن کی درخواست اس لیے مسترد کردی گئی کہ وہ وفاقی دارالحکومت میں کام نہیں کر رہے تھے۔

ایف جی ای ایچ اے کے مطابق عبدالحفیظ نے لاہور ہائی کورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرارز شہزادہ اسلم اور عمر دراز شاکر اور سندھ ہائی کورٹ کے شکیل احمد قاضی کو رعایتی نرخوں پر پلاٹ کی الاٹمنٹ کی نشاندہی کی تھی۔

مزید پڑھیں: ہاؤسنگ اسکیم بورڈ کے اراکین نے خود کو اسلام آباد میں پلاٹ الاٹ کردیے

تاہم ہاؤسنگ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے انکشاف سامنے آیا کہ ان ملازمین کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی تصدیق کے بعد ایف جی ای ایچ اے کی پالیسی کے مطابق پلاٹس الاٹ کیے گئے تھے۔

اس کے نتیجے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی انتطامیہ نے سیشن جج اور دیگر عہدیداروں سے جعلی تصدیق پر وضاحت طلب کی۔

ایف جی ای ایچ اے کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ اتھارٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تینوں سینئر عہدیداروں کے پلاٹس منسوخ کرنے کے لیے اقدام اٹھایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ججز، سرکاری ملازمین کو پلاٹ الاٹ کرنے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

تاہم ذرائع نے کہا کہ الاٹیز نے اپنے آفر لیٹر کچھ برسوں قبل ہی فروخت کردیے تھے۔

ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کار اس قسم کے آفر لیٹرز کو خریدتے ہیں کیوں کہ ترقیاتی کاموں کے بعد ان پلاٹس کی قیمت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اسلام آباد کے سیکٹر 14 اور 15 کی ڈیولپمنٹ کے لیے ایف جی ای ایچ اے کے ریئل اسٹیٹ پروجیکٹ کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024