کم عمری میں خود کو لڑکا سمجھتی تھی، زرنش خان
ماڈل و اداکارہ زرنش خان نے کہا ہے کہ انہیں کم عمری میں شادی کا کوئی شوق نہیں تھا، کیوں کہ وہ بچپن سے ہی خود کو لڑکا سمجھتی تھیں۔
زرنش خان نے 2015 میں اداکاری کا آغاز کیا اور اس وقت وہ متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
زرنش خان حال ہی میں ’ٹو بی آنیسٹ‘ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ وہ اتفاقی طور پر شوبز میں آئیں۔
زرنش خان نے بتایا کہ وہ ایک ڈرامے کے سیٹ پر گئی تھیں، جہاں انہیں ہدایت کار نے کوئی اسکرپٹ پڑھنے کا کہا اور انہوں نے اچھے انداز میں اسکرپٹ پڑھا تو انہیں اداکاری کی پیش کش کی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے 2014 کے آخر یا 2015 میں اداکاری کا آغاز کیا اور شوہر کی سپورٹ کی وجہ سے وہ بے فکر ہوکر کام کرتی ہیں۔
شوبز انڈسٹری میں ’جنسی ہراسانی‘ یا غلط مطالبات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے کبھی اس طرح کا کوئی مسئلہ نہیں دیکھا مگر انہیں یقین ہے کہ جس طرح دوسری انڈسٹریز میں ایسے معاملات موجود ہیں، شوبز میں بھی موجود ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرامے میں ’سسک سسک‘ کر شوہر کو’اعتبار‘ دلانے کے سین پر زرنش خان کو تنقید کا سامنا
زرنش خان ’عورت مارچ‘ اور خِواتین کے حقوق کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ عورتوں کی خودمختاری اور ان کے حقوق کی بڑی عملبردار ہیں اور وہ ’عورت مارچ‘ جیسی تحریکوں کی حمایت بھی کرتی ہیں۔
تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ لیکن اس بات کو واضح کیا جانا چاہیے کہ عورتوں کے حقوق کیا ہیں اور ضرورت کس طرح کی یا کس علاقے کی خواتین کو ہے۔
زرنش خان نے مزید کہا کہ خواتین کی خودمختاری کے نام پر اور بہت ساری چیزوں کی اجازت مانگی جا رہی ہے، وہ ان باتوں سے اتفاق نہیں کرتیں۔
شادی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے کہا کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی، ان کے شوہر ان کے بچپن کے دوست ہیں جب کہ دونوں کے خاندانوں کے بھی آپس میں تعلقات رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں شادی کا شوق ہی نہیں تھا اور یہ کہ وہ خود کو لڑکا سمجھتی تھیں، اس لیے ان کی سوچ تھی کہ اگر کسی لڑکے سے ان کی شادی ہوگئی تو غلط ہوجائے گا۔
زرنش خان نے کہا کہ بعد ازاں ان کے والدین نے انہیں سمجھایا کہ انہیں شادی کرلینی چاہیے اور انہوں نے ہی انہیں احساس دلایا کہ وہ لڑکی ہیں۔
مزید پڑھیں: ’اعتبار‘ پر تنقید کرنے والے پہلے مکمل ڈراما دیکھیں، زرنش خان
اداکارہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ بچپن میں ریسلر جان سینا اور بولی وڈ اداکار سنجے دت کو کاپی کرتی تھیں، ان کی طرح بال رکھتیں اور گھومتیں تھیں مگر پھر ان کی والدہ سمیت خاندان کی دیگر خواتین نے ان کی تربیت کی۔
زرنش خان نے بتایا کہ ان کے والدین اور گھر کے دیگر بزرگان نے ان کی بطور لڑکی اچھی تربیت کی، انہیں لڑکیوں کی طرح اٹھنا، بیٹھنا، بات کرنا اور چلنا بھی سکھایا۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اپنے شوہر سمیت خاندان سے متعلق کسی طرح کا کوئی مذاق برداشت نہیں کرتیں، اسی لیے وہ اپنے خاندان کو شوبز اور سوشل میڈیا سے دور رکھتی ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ شوہر کی مدد کی وجہ سے ہی کامیاب اداکارہ بنی ہیں، وہ انہیں بہت سپورٹ کرتے ہیں اور ہر بات میں ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل زرنش خان نے رواں برس فروری میں بتایا تھا کہ ان کی شادی 17 برس کی عمر میں ہوگئی تھی اور انہوں نے لڑکیوں کو کم عمری میں شادی کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کم عمری میں شادی کرنے والی لڑکیوں کی ازدواجی زندگی کامیاب ہوتی ہے، کیوں کہ وہ نئے ماحول کو جلد سمجھتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے لڑکیوں کو کم عمری میں شادی کرنے کی تجویز دیے جانے کے بعد تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔