مودی پر بولی وڈ فلم
بولی وڈ میں آج کل مشہور شخصیات کی زندگی پر بننے والی فلموں کا دور ہے۔ انڈین ایتھلیٹ ملکھا سنگھ پر فرحان اختر کی فلم 'بھاگ ملکھا بھاگ' نے بہت تیزی سے سو کروڑ روپے کمانے کا ہدف عبور کیا۔
اسی طرح کئی فلمیں بھی آنے والی ہیں جن میں باکسر میری کوم کی زندگی پر پریانکا چوپڑا اور کشور کمار پر رنبیر کپور کی فلمیں بھی شامل ہیں۔
اس فہرست میں اب ایک ایسی شخصیت کا نام بھی شامل ہوچکا ہے جو تقریباً روز ہی خبروں کی زینت بنتے ہیں۔
پروڈیوسر و ہدایت کار متیش پٹیل نے تصدیق کی ہے کہ وہ گجرات کے وزیر اعلٰی نریندر مودی پر فلم بنانے جا رہے ہیں۔
متیش کہتے ہیں: میں مودی کی زندگی سے بہت متاثر ہوں، انہوں نے چائے کے سٹال پر کام کرنے والے ملازم سے چیف منسٹر بننے تک کا سفر طے کیا ہے۔ ہم فلم میں ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں (بچپن، سیاسی کارکن، اور بالاخر وزارت اعلٰی ) پر روشنی ڈالیں گے۔
متیش نے بتایا کہ انہوں نے رضامندی حاصل کرنے کے لیے حال ہی میں مودی سے ملاقات بھی کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم مودی کی سوانح عمری تو نہیں ہوگی لیکن اس میں ان کی زندگی کے اہم واقعات موجود ہوں گے۔
'فلم کی کہانی سو فیصد ان کی زندگی پر نہیں ہوگی ہم اس میں فکشن سے بھی کام لیں گے'۔
جب ان سے فلم کی ممکنہ کاسٹ کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ' میرے ذہن میں پریش راول اور کچھ دوسرے نام بھی ہیں لیکن ایک بات طے ہے کہ کاسٹ مکمل طور پر بولی وڈ سے ہوگی'۔