بھارت: چوروں نے 60 فٹ طویل لوہے کا پُل چوری کرلیا
دھاتیں چوری کرنے والے چالاک ڈکیتوں کے گینگ نے مغربی بھارت میں واقع غیر فعال لوہے کا پل توڑا اور 500 ٹن لوہا لے کر فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے محکمہ آبپاشی کے اہلکار بن کر غیر متوقع ڈکیتی کی۔
ڈان اخبار میں شائع ہونے والی غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈکیتی کی واردات بدھ کے روز بہار کی ریاست میں پیش آئی جو ملک کی ایک غریب ترین ریاست ہے۔
مزید پڑھیں: بھارت: بار گرل سے ڈاکو رانی بننے والی خاتون گرفتار
پولیس آفیسر سبہاش کمار کا کہنا ہے کہ چور محکمہ آبپاشی کے سرکاری اہلکاروں کے حلیے میں آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈکیت بلڈوزرز، گیس کٹر بھی ساتھ لائے تھے فرار ہونے قبل دو روز انہوں نے اسٹرکچر میں کاٹ پیٹ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وہ بڑی گاڑیوں میں اسکریپ لے کر گئے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈکیتی کے شبہے میں شہری کے قتل میں ملوث 6 پولیس اہلکار گرفتار
سبہاش کمار نے بتایا کہ چوروں نے 50سال قبل بنایا گیا ڈھانچہ کھودا اور اس سے لوہا نکالا، یہ اسٹرکچر پانی کی نہر پر بنایا گیا تھا جور پانچ سال قبل ہی قریب واقع ایک پُل عوام کے لیے کھولے جانے کے بعد سے غیر فعال تھا۔
پولیس کی جانب سے اس عجیب واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔