• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارتی میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریفیں

شائع April 9, 2022
بھارتی میڈیا نے عمران خان کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک
بھارتی میڈیا نے عمران خان کی تعریفیں کیں—فائل فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے 8 اپریل کو قوم سے کیے گئے خطاب کے بعد بھارتی میڈیا ان کی تعریفیں کر رہا ہے اور ان کے بیانات کو شہ سرخیوں کے طور پر شائع کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے 8 اپریل کی شب قوم سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ کسی کی جرأت نہیں ہوگی کہ وہ بھارت کو حکم دے۔

وزیر اعظم نے کہا تھا کہ یورپی یونین کے سفیروں نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہمیں کہا تھا کہ ہم یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کریں، کیا وہ بھارت کو ایسا کہہ سکتے ہیں؟ کیا ان میں ہمت ہے کہ وہ بھارت کو ایسا کہیں؟

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سیاسی حالات پر بھارتی میڈیا نے کیا لکھا؟

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں بھارت کو خود مختار قوم بھی قرار دیا تھا۔

وزیر اعظم کے بیانات کے بعد بھارتی سیاستدان، صحافی، عام افراد اور میڈیا بھی خوش دکھائی دیا اور اخبار نے عمران خان کے بیانات کی شہ سرخیاں شائع کیں۔

نشریاتی ادارے ’نیوز 18‘ نے عمران خان کی جانب سے بھارت کی خارجہ پالیسی کی تعریف کرنے پر شہ سرخی لگائی کہ ’پاکستانی وزیر اعظم نے بھارت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سپر پاور ملک انڈیا میں سیاسی انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کرسکتا‘۔

ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بھارت نے ایک ساتھ آزادی حاصل کی مگر آج بھارت کو کوئی ملک حکم نہیں دے سکتا۔

’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی شہ سرخی میں لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں بھارت کی ’خودمختاری‘ کی تعریف کرتے ہوئے پاکستانیوں کو اپیل کی کہ وہ بھی ان کی طرح بنیں۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے خطاب کے دوران کہا کہ کوئی بھی ملک بھارت کو ہدایات جاری نہیں کر سکتا اور پاکستان کو بھی ایسا ہی بننا پڑے گا۔

’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) نے اپنی شہ سرخی میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’کوئی بھی ملک بھارت کو ہدایات نہیں دے سکتا‘۔

ادارے نے اپنی خبر میں مزید لکھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں قوم کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہمیں ٹشو پیپر کی طرح استعمال نہیں ہونا چاہیے، بھارت ایک خود مختار قوم ہے، انہیں کوئی بھی سپر پاور ملک کسی طرح کی ہدایات نہیں دے سکتا۔

’انڈیا ٹوڈے‘ نے لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’پاکستان کو بھارت سے خود مختاری سیکھنی چاہیے، انہیں کوئی بھی سپر پاور ملک ہدایات نہیں دے سکتا‘۔

اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت نہ کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی خود مختاری کی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کو کوئی ہدایات نہیں دے سکتا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ نے وزیر اعطم عمران خان کے خطاب پر براہ راست خبریں شائع کرنے کا خصوصی اہتمام کیا اور اپنی خبر میں لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کی طرح کوئی بھی بھارت کو ہدایات نہیں دے سکتا۔

اخبارات اور نشریاتی اداروں کی طرح صحافیوں اور عام افراد نے بھی عمران خان کی جانب سے بھارت کی تعریفیں کیے جانے کے بیانات کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی وزیر اعظم نے بھارتی قوم کو خود مختار قرار دیا ہے۔

بعض بھارتی لوگوں نے یاد دلایا کہ عمران خان نے دوسری بار بھارت کی خارجہ پالیسی کی تعریف کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024