شوبز سے کنارہ کشی کرنے والی ایمن سلیم کی ڈراموں میں واپسی

شائع April 8, 2022
اداکارہ نے حال ہی میں اداکاری میں واپسی کی—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے حال ہی میں اداکاری میں واپسی کی—فوٹو: انسٹاگرام

گزشتہ سال رمضان اسپیشل ڈراما ’چپکے چپکے‘ سے پذیرائی حاصل کرنے والی ایمن سلیم شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی کرنے کے بعد واپس آگئیں اور اس بار بھی وہ رمضان اسپیشل ڈرامے ’پرستان‘ میں دکھائی دے رہی ہیں۔

ایمن سلیم نے جولائی 2021 میں شوبز سے دوری کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ وہ کچھ وقت تک تنہائی میں سوچنے کے بعد واپس انڈسٹری میں آنے یا نہ آنے کا فیصلہ کریں گی اور اب انہوں نے ڈراموں میں واپسی کردی۔

ایمن سلیم اس وقت رمضان اسپیشل ڈرامے ’پرستان‘ کے علاوہ ’ابن حوا‘ نامی ڈرامے میں بھی دکھائی دے رہی ہیں اور ان کے دونوں ڈراموں کو کافی سراہا جا رہا ہے۔

شوبز میں واپسی کے حوالے سے انہوں نے حال ہی میں ایک یوٹیوب انٹرویو میں بتایا کہ ان کے واپس آنے کی متعدد وجوہات ہیں لیکن سب سے زیادہ اہم سبب مداحوں کی محبت تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں اداکاری کی دنیا کو خیرباد کہا تو ان کے مداحوں کی جانب سے آنے والا مایوسی بھرا رد عمل ان کے لیے قابلِ قبول نہ تھا، لہذا انہوں نے اپنے پرستاروں کے لیے پھر سے اداکاری کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلے پر عوام کی جانب سے بہت پُر جوش ردِعمل ملا۔

یہ بھی پڑھیں: ایمن سلیم نے اداکاری سے کنارہ کشی کی وجہ بتادی

ایمن سلیم جنہوں نے ڈرامہ چپکے چپکے کے کردار مشی کو اپنی اداکاری سے ایسی جان بخشی تھی کہ اداکارہ نے راتوں رات عوام میں کے دلوں میں اپنے جھنڈے گاڑے تھے۔

لیکن اس ڈرامے کے بعد جب مداح ان کے مزید ڈراموں کے لیے بےتاب ہوئے تو ایمن سلیم نے مقبولیت حاصل کرنے کے محض دو ماہ بعد ہی ڈراما انڈسٹری سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے احسن خان کے پروگرام میں بتایا تھا کہ ان کا تعلق کارپوریٹ سیکٹر سے ہے جب کہ شوبز اور بزنس انڈسٹری بلکل مختلف ہیں اور یہ کہ جب انہوں نے اداکاری میں قدم رکھا تو اس وقت وہ مکمل طور پر تیار نہیں تھی۔

اداکارہ کے اس اعلان پر ان کے چاہنے والوں کے دل ٹوٹ گئے تھے اور وہ مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے ان کو ڈراموں میں پھر سے اداکاری کرنے کا کہتے رہے۔

مزید پڑھیں: ایمن سلیم کے ساتھ یوٹیوبر مورو ’پرستان‘ کے ذریعے ٹی وی ڈیبیو کرنے کو تیار

عوام کے اس رد عمل کے بعد اداکارہ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا تھا اور وہ ڈراما ’ابنِ حوا‘ میں ہرا مانی کے ساتھ اداکاری کرتی دکھائی دیں۔

انہوں نے رواں سال ایک بار پھر رمضان ڈراما ’پرستان‘ میں جلوہ گر ہوکر اپنے شائقین کے دل پھر سے جیت لیے، مداح ان کے اس ڈرامے میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہ رہے ہیں۔

ایمن سلیم نے اپنے دونوں رمضان ڈراموں میں مشہور یوٹیوبر ارسلان نصیر کے ساتھ بطور جوڑی کام کیا اور دونوں کی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔

ڈراما ’چپکے چپکے‘ میں مشی اور ہادی جبکہ ’پرستان‘ میں دونوں پری اور ارصم کے کردار نبھا رہے ہیں اور ان کے آن لائن رومانس کو سراہا جا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 جنوری 2025
کارٹون : 6 جنوری 2025