رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، ملک میں پہلا روزہ اتوار کو ہوگا
پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا جس کے بعد ملک بھر میں پہلا روزہ 3 اپریل بروز اتوار کو ہوگا۔
پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں کل سے ماہ رمضان کے آغاز کا اعلان کیا۔
دیگر کمیٹی اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ پشاور میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پشاور کی زونل کمیٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے، اس کے علاوہ تینوں صوبائی دارالحکومتوں اور اسلام آباد میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ پاکستان بھر میں کئی مقامات پر مطلع صاف رہا اور چاند کے حوالے سے شہادتیں لاہور، اسلام آباد، نارووال، سیالکوٹ، قصور، پاکپتن، کھاریاں، مضفر گڑھ اور کرک سمیت مختلف مقامات سے موصول ہوئیں اور جمِ غفیر نے چاند دیکھا، لہٰذا اتفاق رائے سے طے پایا کہ یکم رمضان المبارک 1443 ہجری 3 اپریل 2022 بروز اتوار کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم کو مبارک ہو، مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ آج ایک بار پھر ہم وحدت کی جانب بڑھ رہے ہیں اور پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اس موقع پر ملک بھر میں موجود علمائے کرام کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، آئیں مل کر وحدت کے ساتھ اس ملک کو آگے لے کر چلیں۔
مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ہمارے ملک کو آج بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم مل کر آگے بڑھیں گے تو پاکستان کو استحکام حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے سیکیورٹی اداروں اور مسلح افواج کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اس ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
مزید پڑھیں: مسجد الحرام، مسجد نبوی میں 2 سال بعد اعتکاف کی اجازت
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ان لوگوں کو بھی یاد کر رہے ہیں جو پشاور میں مسجد کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے میں شہید ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ جس طرح اللہ نے ہمیں رمضان پر اکٹھا کیا اسی طرح اللہ ہمیں عید پر بھی اکٹھا کرے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ ہے جبکہ امریکا، آسٹریلیا، روس، نیوزی لینڈ میں بھی رمضان کا آغاز ہو گیا ہے۔
حرمین شریفین ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق رمضان المبارک 1443 کا آغاز گزشتہ رات سے ہوگیا ہے، حرمین شریفین میں کل سے نماز تراویح کی ادائیگی شروع ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا تمام کورونا پابندیاں ختم کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ 2019 کے بعد یہ پہلا سال ہوگا جب سعودی عرب میں رمضان المبارک کورونا وائرس کی پابندیوں کے بغیر منایا جائے گا۔
گزشتہ ماہ سعودی حکومت نے دو سال بعد رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں اعتکاف دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے شروع میں سعودی عرب نے زیادہ تر کورونا وائرس سے متعلق عائد پابندیاں اٹھا لیں تھیں جن میں عوامی مقامات پر سماجی دوری اور ویکسین شدہ آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی شرط بھی شامل تھی، پابندیاں اٹھانے کا مقصد ایسے اقدامات کرنا تھا جن سے مسلمان حجاج کی آمد میں آسانی ہو۔