• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، روس کو یوکرین پر حملے فوری روکنے چاہئیں، آرمی چیف

شائع April 2, 2022
چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پُرامن اور مستحکم جنوبی و مغربی ایشیا ہمارا اہم مقصد ہے — فوٹو: ڈان نیوز
چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پُرامن اور مستحکم جنوبی و مغربی ایشیا ہمارا اہم مقصد ہے — فوٹو: ڈان نیوز

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو یوکرین پر حملے فوری طور پر روکنے چاہئیں، پاکستان کیمپ پولیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، امریکا سے بہترین تعلقات ہیں۔

اسلام آباد میں سیکیورٹی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے رواں سال اپنی پہلی قومی سلامتی پالیسی بنائی ہے جو انسانی اور اقتصادی سلامتی کو حاصل کرنے کا سبب بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ میں دوسری بار اس سیکیورٹی ڈائیلاگ میں خطاب کر رہا ہوں۔

مزید پڑھیں: ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے، آرمی چیف

روس یوکرین جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ روس کے یوکرین پر حملے بہتر نہیں ہیں جس کے نتیجے میں یوکرین کے ہزاروں لوگ ہلاک ہوگئے، کئی لوگ ملک سے ہجرت کر گئے جبکہ آدھا یوکرین تباہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا المیہ ہے جسے فوری طور پر روکنا چاہیے اور پاکستان، فوری طور پر یوکرین میں جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم فوری طور پر مذکرات کی حمایت کرتے ہیں، پاکستان پاک فضائیہ کے خصوصی طیاروں کے ذریعے یوکرین میں امداد بھیج چکا ہے البتہ یوکرین کے لیے امداد بھیجنا کسی کی حمایت کے مترادف نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ہمیں مل کر تصادم کے بجائے عالمی تعاون کی راہیں تلاش کرنی چاہئیں، اس ڈائیلاگ میں دنیا بھر سے ممالک مل کر سلامتی کے آئیڈیاز پیش کرتے ہیں۔

’خطے میں دہشتگردی کے خطرات اب بھی موجود ہیں‘

آرمی چیف نے کہا کہ ہم غربت، موسمیاتی تبدیلی اور دہشت گردی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، ہمیں مل کر عالمی نظام کو مستحکم کرنا ہے اور ہم عالمی سلامتی کے ذریعے ہی اپنے مشترکہ مفادات حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وہ ملک ہے جو اقتصادی راہداری کی طرف دیکھ رہا ہے اور اس کے درمیان حائل چیلنجز سے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ہی نمٹا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پہلی بار اپنی قومی سلامتی پالیسی پیش کی ہے، پاکستانیوں کی خوشحالی، سلامتی، خودمختاری اس پالیسی کا مرکز ہے، یہ معاشی، انسانی اور روایتی سیکیورٹی کی نمایاں نشاندہی کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ‘داخلی سیکیورٹی’ پر جنرل فیض حمید کی بریفنگ

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد ہماری جغرافیائی معاشی حکمت عملی کے تحت معاشی نمو کا حصول اور اپنی شہریوں کی خود مختاری اور معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں نے بے شمار قربانیاں دیں اور سال 2001 سے اب تک پاکستان 90 ہزار جانوں اور اربوں ڈالر کا معاشی نقصان برداشت کر چکا ہے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی فورسز اور ہمارے شہریوں کی مدد سے ہم نے دہشت گردی کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ تاہم خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خطرات اب بھی موجود ہیں اور جب تک یہ ختم نہیں ہوجاتے ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے، اس کے لیے ہم افغانستان حکومت اور پڑوسی ممالک سے درخواست کرتے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایک ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: مستحکم پاک بھارت تعلقات جنوبی ایشیا کی ترقی کی کنجی ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا کہ پُرامن اور مستحکم جنوبی و مغربی ایشیا ہمارا اہم مقصد ہے، پاکستان کی پالیسی ہم آہنگی پر مبنی ہے اور ہماری توجہ آئین کے تحت بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے انتہا پسندی اور تشدد کو ختم کرنے پر مبنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ ایک مشکل کام ہے لیکن جب تک ہم بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے خواب کے مطابق پاکستان کو جدید اور مستحکم ملک نہ بنادیں، ہم اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ماننا ہے کہ نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کی ترقی ہونی چاہیے اور اس مقصد کے لیے پڑوسیوں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہمارے مغرب میں دہائیوں کے تصادم نے ہماری معیشت، معاشرے اور سلامتی پر اثرات مرتب کیے ہیں، اسی وجہ سے پاکستان بین الاقوامی برداری کے ساتھ قریبی تعلقات بحال کر رہا ہے تاکہ افغانستان میں امن و استحکام کو فروغ دیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے افغانستان کیلئے امریکی ایلچی کی ملاقات، کابل میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے مالی بحران اور پابندیاں افغانستان میں انسانی بحران پیدا کر رہے ہیں، پاکستان افغان شہریوں کی مدد کے لیے بین الاقوامی برادری کے تعاون سے وسیع پیمانے پر کام کر رہا ہے لیکن انہیں مزید مدد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ افغانستان کے لوگوں کے لیے جلد انسانی امداد کو یقینی بنایا جائے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یوکرین بھی انسانی بحران سے گزر رہا ہے لیکن ایسے میں افغانستان کو بھلایا نہیں جا سکتا۔

’افغانستان میں بحران پر قابو نہ پایا تو نتائج 9/11 سے زیادہ خطرناک ہوں گے‘

آرمی چیف نے باور کرایا کہ اگر ہم افغانستان میں انسانی بحران پر قابو پانے میں ناکام رہے تو افغان سرزمین ایک بار پھر داعش جیسے عناصر کی دہشت گردی کا گڑھ بن سکتی ہے اور اس کے نتائج 9/11 سے زیادہ خطرناک ہوں گے، اس لیے ضروری ہے کہ دنیا افغان حکومت کو تسلیم کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں لیکن ہمیں صبر کرتے ہوئے ان کی مدد کرنی ہوگی، اس کے لیے ہمیں ان پر پابندیاں عائد کرنے کے بجائے انہیں مدد فراہم کرنی چاہیے تاکہ ان میں مثبت تبدیلی آسکے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی برداری کے حوالے سے تحفظات ہیں، ہم مانتے ہیں کہ افغانستان سے قطع تعلق ہونا کوئی آپشن نہیں ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی برادری اپنے تحفظات دور کرنے کے لیے براہِ راست افغان حکومت سے گفتگو کرے اور انسانی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرے۔

چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی 40 لاکھ رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، ہمارا ماننا ہے کہ انہیں واپس بھیجنے کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر پُرامن ماحول قائم کرنا چاہیے اور یہی وقت کی ضرورت ہے۔

’بھارت کے داغے گئے میزائل پر شدید تشویش ہے‘

انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات بہتر ہیں اور ہم نے گزشتہ ایک سال سے لائن آف کنٹرول پر کوئی بڑا حادثہ نہیں دیکھا جو لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف مقیم شہریوں کے لیے بہت خوش آئند ہے لیکن بھارت کی جانب سے 9 مارچ کو پاکستان میں داغا گیا سوپر سونک میزائل ہمارے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔

جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ یہ پہلی دفعہ دیکھا گیا ہے کہ ایک جوہری قوت رکھنے والی قوم نے دوسری جوہری قوت پر ایک سپر سونک میزائل پھینکا ہے اور ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ بھارت نے فوری طور پر میزائل گرنے کے حوالے سے پاکستان کو کیوں آگاہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور آرمی چیف کا دورہ نوشکی، فوجی جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بین الاقوامی برادری کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ اس واقعے میں پاکستان کو اپنے شہریوں کے جانی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے، پاکستان چاہتا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائے اور بھارت اس سے متعلق تمام تر شواہد فراہم کرے۔

’کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کیلئے مذکرات پر یقین رکھتے ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سال 2019 میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے بھارتی پائلٹ کو واپس بھیجا، پاکستان کشمیر سمیت تمام تر تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے، امید ہے کہ بھارت بھی ایسا ہی کرے گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ خطے کی سیاسی قیادت کو غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کے 3 ارب لوگوں کو امن اور خودمختاری فراہم کرنی چاہیے، پاکستان خود کو مثبت معاشی مفادات کا گڑھ سمجھتا ہے جس کے لیے ہم نےروابط اور دوستانہ تعلقات پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

’کیمپوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے’

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کیمپ پولیٹکس پر یقین نہیں رکھتا کہ جس کے ذریعے ہمارے اپنے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثرات مرتب ہوں، پاکستان کے چین کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں جس کی ایک مثال چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ امریکا اب بھی ہماری سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ ہے، اس کے ساتھ بہترین تعلقات کی لمبی تاریخ ہے، ہم چین اور امریکا دونوں سے اچھے تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں۔‘

تبصرے (0) بند ہیں

اختر حسین Apr 02, 2022 02:08pm
کیا کہنا میرے سپہ سالار اعلی کا اس سے یہ بھی پوچھو کہ پھر خان کو روس دھکا کیوں دیا؟

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024