• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

شادی سے قبل جاوید شیخ کے ساتھ اہلیہ کے لیے رشتے دیکھتا رہا، بہروز سبزواری

شائع April 1, 2022
نئے جوڑے دکھاوے کی خاطر عوام کے سامنے پیار کرتے ہیں، بہروز سبزواری
نئے جوڑے دکھاوے کی خاطر عوام کے سامنے پیار کرتے ہیں، بہروز سبزواری

سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ سفینہ سے رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل وہ ان کی شادی کے لیے لڑکوں کے رشتے دیکھتے رہے تھے۔

بہروز سبزواری اور سفینہ سبزواری نے حال ہی میں حنا الطاف اور آغا علی کے شو ’دی کپل‘ شو میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر باتیں کیں۔

دوران پروگرام دونوں نے شوبز انڈسٹری اور فیشن پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح ان کے خاندانی تعلقات رہے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں بہروز سبزواری نے کہا کہ وہ اب سمجھدار ہو چکے ہیں اور عوام کے سامنے لڑتے جھگڑتے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل کے جوڑے عوام کے سامنے جتنا دکھاوے کا پیار کرتے ہیں، اتنا ہی ایک دوسرے سے لڑتے ہیں۔

شادی سے قبل اہلیہ کے ساتھ کسی طرح کے تعلقات نہیں تھے، اداکار—اسکرین شاٹ
شادی سے قبل اہلیہ کے ساتھ کسی طرح کے تعلقات نہیں تھے، اداکار—اسکرین شاٹ

بہروز سبزواری کے مطابق نوجوان عوام کے سامنے جعلی پیار کرتے ہیں مگر گھر میں حد سے زیادہ لڑائی کرتے ہیں اور وہ ایسا نہیں کرتے۔

سینیئر اداکار نے اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شادی سے قبل سفینہ سے منگنی کی تھی اور وہ ان کے بھائیوں کے قریبی دوست تھے۔

بہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ انہوں نے جاوید شیخ سے بہت کچھ سیکھا اور وہ ان کے اتنے قریبی دوست تھے کہ انہوں نے سفینہ کو کبھی اس نظر سے دیکھا ہی نہیں تھا۔

پروگرام کے دوران سفینہ سبزواری نے بتایا کہ شادی سے قبل بہروز کے ان کے بھائیوں جاوید اور سلیم شیخ سے اچھے دوستانہ تعلقات تھے جب کہ والد کے ساتھ بھی ان کی اچھی دعا سلام تھی۔

بہروز سبزواری نے بتایا کہ سفینہ سے شادی کرنے سے قبل وہ جاوید شیخ کے ہمراہ اہلیہ کے لیے رشتے لے کر آنے والے لڑکوں کو دیکھتے تھے اور انہوں نے کئی رشتے مسترد کیے۔

انہوں نے ہسنتے ہوئے کہا کہ بہت سارے رشتے مسترد کرنے کے بعد پھر انہوں نے سفینہ سے شادی کی اور وہ ہمیشہ اپنی شادی کو محبت اور خاندان کی مرضی کی شادی قرار دیتے ہیں۔

دوران انٹرویو انہوں نے شوبز اور فیشن انڈسٹری پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس قدر اب تبدیلیاں آ چکی ہیں۔

خیال رہے کہ بہروز سبزواری معروف اداکار شہروز سبزواری کے والد ہیں جب کہ ان کی اہلیہ سفینہ سینیئر اداکار جاوید شیخ کی بہن ہیں۔

جاوید شیخ اور بہروز سبزواری نے ماضی میں ایک ساتھ چند فلموں اور ڈراموں میں بھی اداکاری کی ہے اور دونوں کی جوڑی کو پسند کیا جاتا رہا ہے۔

جاوید شیخ اور بہروز سبزواری کے خاندان کی نئی نسل کی بھی آپس میں رشتے داریاں ہیں۔

اہلیہ کے لیے رشتے دیکھتا رہتا تھا، بہروز سبزواری—اسکرین شاٹ
اہلیہ کے لیے رشتے دیکھتا رہتا تھا، بہروز سبزواری—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024