• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمران خان کی حکومت الٹنے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ ہوئی ہے، شیخ رشید

شائع March 29, 2022
شیخ رشید نے کہا کہ انشااللہ 3 اپریل کو آخری بال تک عمران خان کھیلے گا — فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ انشااللہ 3 اپریل کو آخری بال تک عمران خان کھیلے گا — فوٹو: ڈان نیوز

وزیرداخلہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی حکومت الٹنے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ ہوئی ہے، اس کے ثبوت فراہم کیے جائیں گے، اس میں ایجنسیز کی کوئی ناکامی نہیں ہے، وہ بھی بخوبی واقف ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پنڈی والے ذمہ دار لوگ ہیں، وہ پاکستان کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے حالات سے بخوبی واقف ہیں، اگر انہوں نے غیر جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے تو اچھی بات ہے، اگر ہم ہر چیز پنڈی والوں پر ڈالتے رہیں تو یہ بھی مناسب نہیں ہے، پنڈی میرا حلقہ بھی ہے اس لیے یہ کہہ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ (ق) لیگ نے کل پاکستان کی سیاست کا بہت اچھا فیصلہ کیا ہے، چوہدری شجاعت بڑے بھائیوں جیسے ہیں، چوہدری شجاعت نے کل رات کو بڑا جاندار بیان بھی دیا، اب بزدار صاحب کے استعفیٰ کا نوٹی فکیشن گورنر پنجاب جاری کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان نہیں پاکستان کے عوام کے خلاف سازش ہو رہی ہے'

ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت تو ہوتی رہتی ہے لیکن ایک بات طے ہے کہ قوم آج عمران خان کے ساتھ ہے، انشااللہ 3 تاریخ کو آخری بال تک عمران خان کھیلے گا، الیکشن کا نتیجہ جو بھی ہو لیکن اس وقت لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں، ہم تو پہلے ہی ساتھ ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اب تو الیکشن کا سماں ہے، 31 تاریخ تک تقاریر ہوں گی اور 3 اپریل کو ووٹنگ ہوگی، اتحادیوں کے بارے میں پہلے ہی کہا تھا کہ (ق) لیگ ہمارے ساتھ آئے گی اور انشااللہ میری خواہش اور دعا ہے کہ ایم کیو ایم بھی ہمارے ساتھ آئے، ایم کیو ایم کو فیصلہ بڑا فیصلہ کُن ہوگا، مجھے ابھی نہیں معلوم کہ ایم کیو ایم کیا فیصلہ کرے گی، میں اس مذاکراتی کمیٹی میں نہیں ہوں جو ایم کیو ایم سے مذاکرات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت الٹنے کے لیے باقاعدہ فنڈنگ ہوئی ہے، اس کے ثبوت فراہم کیے جائیں گے، اس میں ایجنسیوں کی کوئی ناکامی نہیں ہے، وہ بھی بخوبی واقف ہیں، یہ بڑا مسئلہ ہے کہ لوگ وزارت خارجہ کا سوال بھی وزارت داخلہ سے کرنا چاہتے ہیں، شیخ رشید سے صرف وزارت داخلہ کا سوال ہی کریں۔

مزید پڑھیں: شیخ رشید کا وزیر اعظم کے خط سے متعلق لاعلمی کا اظہار

ان کا کہنا تھا کہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی میں انتظار کر رہا ہوں، جن لوگوں نے عمران خان کو ہٹانے کے لیے بین الاقوامی سازشیں اور سرمایہ کاری کی ہے وہ انشااللہ ناکام ہوں گے، یہ کھیل آخری گیند تک جائے گا، میری دعا اور کوشش ہے کہ 3 اپریل کو اپوزیشن 172 بندے پورے نہ کرسکے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان مشورہ کرے یا نہ کرے لیکن میں ان کے ساتھ ہوں، ہم چچا بھتیجے کی بھی ایک دو سیٹیں ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وقت آنے پر میں بلیک میل کرنا شروع کردوں۔

انہوں نے کہا کہ میں خود فوری انتخابات کا حامی ہوں، حج کے بعد الیکشن ہوجانے چاہیے، میری خواہش ہے کہ عمران خان ایک اچھا بجٹ دیں اور حج کے بعد الیکشن کا اعلان کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیراعظم نے بتانے کی ہمت کیوں نہیں کہ انھیں کس نے خط لکھا اور کیا دھمکی دی'

ان کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد پولیس، رینجرز، ایف سی اور حساس اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں کہ تمام معاملات خیر و عافیت سے نمٹ گئے ہیں، آج ایف سی اور کشمیر اور خیبر پختونخوا پولیس کو واپس بھیج دیا گیا ہے، اسلام آباد سے تمام کنٹینر ہٹا دیے گئے ہیں، 31 مارچ کو رینجرز بھی واپس چلی جائے گی۔

شیخ رشید نے بتایا کہ اس دوران ہم نے 4 دہشت گرد پکڑے ہیں، ان دہشت گردوں کے ناپاک عزائم تھے اور ان کے ساتھ 2 خودکش حملہ آور بھی تھے لیکن اللہ نے رحم کیا اور مجھے امید ہے کہ 3 اپریل کو ووٹنگ کا دن بھی بخیر وعافیت گزرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024