• KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm
  • KHI: Maghrib 5:56pm Isha 7:17pm
  • LHR: Maghrib 5:12pm Isha 6:39pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:41pm

وزارتیں آنے جانے والی چیز ہیں، عہد کی تکمیل کیلئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہوں، عثمان بزدار

شائع March 29, 2022
عثمان بزدار نے کہا کہ مجھے کبھی کسی عہدے کی تمنا نہیں رہی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
عثمان بزدار نے کہا کہ مجھے کبھی کسی عہدے کی تمنا نہیں رہی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ کا منصب وزیراعظم عمران خان اور عوام کی امانت ہے، ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا، وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں، ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا، وزارتیں آنے جانے والی چیز ہیں، عہد کی تکمیل کیلئے عمران خان کے شانہ بشانہ ہوں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء اوراراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں، اپنی ذات کی کبھی پرواہ نہیں کی، ہمیشہ صوبے کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کیلئے کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:(ق) لیگ نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حکومت کی حمایت کا اعلان کردیا، شہباز گل

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کپتان کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے محنت اور لگن کے ساتھ شب و روز کام کیا، دیانتداری اور ایمانداری سے فرائض انجام دیئے ہیں، پنجاب میں میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنایا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اورمتحد رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ پیش کر دیاہے، وزارت اعلیٰ کا منصب وزیراعظم عمران خان اور عوام کی امانت ہے، ملک و قوم اور پارٹی کے مفاد میں استعفیٰ دیا ہے، استعفے کی منظوری کے بعد وزارت اعلیٰ چھوڑ دوں گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا سپاہی ہوں اور سپاہی رہوں گا، وزیراعظم عمران خان ہیں تو باقی سب چیزیں بھی رہیں گی، وزیراعظم عمران خان میرے قائد ہیں اور ان کے ہر حکم پر لبیک کہوں گا، مشکل وقت میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔

مزید پڑھیں:وزیر اعظم کے ٹرمپ کارڈ کے بعد پنجاب بڑی سیاسی تبدیلی کیلئے تیار

انہوں نے کہا کہ عہدے کی تمنا نہیں، ہمیشہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھاؤں گا، وزارتیں آنی جانی چیز ہیں، اصل پارٹی اور عوام سے کمٹمنٹ ہوتی ہے اور ذات سے بڑھ کر ملک و قوم کا مفاد عزیز ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ صرف اور صرف عوام کی خدمت کیلئے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا اور دن رات کام کیا، عوامی خدمت کے ایجنڈے کی تکمیل کی خاطر وزیراعظم عمران خان کا ساتھ نبھائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں ہاشم جواں بخت،محمد سبطین خان، میاں اسلم اقبال، تیمور بھٹی، حنیف پتافی،سمیع اللہ چوہدری،عامر نواز چانڈیا،جاوید اختر لنڈ،مامون تاڑر،غزین عباسی اوردیگر شامل تھے۔

علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں بھی عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن، مسلم لیگ (ق) کی حمایت حاصل کرنے میں کیوں ناکام ہوئی؟

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیر اعظم عمران خان صاحب کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے اور منظوری کے بعد وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دوں گا۔

وزیر اعظم کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وزارتیں اور عہدے آنے جانے والی چیز ہیں، پارٹی اور عوام سے کیے گئے عہد کی تکمیل کے لیے عمران خان کے شانہ بشانہ ہوں۔

ملک کو عہدے سے عظیم گرادنتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے کبھی کسی عہدے کی تمنا نہیں رہی اور اپنی ذات سے بڑھ کر ملک اور قوم کا مفاد عزیز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے استعفیٰ دے دیا'

تین سالہ کارکردگی کا بارے میں عثمان بزادر کا کہنا تھا کہ الحمد للہ ساڑھے 3 سال میں عوامی فلاح و بہبود کے ہزاروں منصوبے شروع کیے، اسلامی فلاحی ریاست کے منشور پر عملدرآمد کیا، ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس دی اور ہر ضلع کو اس کا حق دلوایا۔

یاد رہے تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے حکومت کی حمایت کے لیے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ہٹا کر ان کی جماعت سے وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔

گزشتہ روز وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے ہیں اور مسلم لیگ (ق) نے وزیر اعظم پر اعتماد کا اظہار اور ان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کے ٹرمپ کارڈ کے بعد پنجاب بڑی سیاسی تبدیلی کیلئے تیار

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ق) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کے وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہٰی کی قیادت میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے اور آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

مسلم لیگ (ق) نے بیان میں کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعظم سے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے منصب پر آپ کی جانب سے نامزدگی پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کے اعتماد پر انشااللہ پورا اتروں گا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ بطور اتحادی آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، اتحادی کی حیثیت سے مل کر عوامی خدمت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025