• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پیراگوئے کے مقابلے میں برازیل کے مداحوں کو اہمیت دینے پر ڈوجا کیٹ کو تنقید کا سامنا

شائع March 26, 2022 اپ ڈیٹ March 27, 2022
ڈوجا کیٹ نے برازیلی مداحوں سے معافی بھی مانگی—فائل فوٹو: وائر امیجز
ڈوجا کیٹ نے برازیلی مداحوں سے معافی بھی مانگی—فائل فوٹو: وائر امیجز

امریکی ریپر، گلوکارہ و موسیقار 26 سالہ امالا رتنا زنڈائل ڈالمنی المعروف ڈوجا کیٹ نے جنوبی امریکی ملک پیراگوئے کے مداحوں کی جانب سے تنقید کے بعد میوزک چھوڑنے کی دھمکی دے دی۔

میوزک ویب سائٹ ’بل بورڈز‘ کے مطابق ڈوجا کیٹ نے حال ہی میں برازیل یوراگوئے اور دیگر جنوبی امریکی ممالک میں میوزک پرفارمنس دیں مگر پیراگوئے میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ان کا فیسٹیول منسوخ ہوگیا۔

خراب موسم کی وجہ سے جہاں ڈوجا کیٹ کا پیراگوئے کا میوزک فیسٹیول منسوخ ہوا، وہیں ان کی طرح گلوکارہ مائلی سائرس کا فیسٹیول بھی منسوخ ہوا تھا اور ان کے طیارے سے آسمانی بجلی بھی جا ٹکرائی تھی۔

مائلی سائرس نے اپنی پوسٹ میں پیراگوئے کے مداحوں سے وہاں خراب موسم کی وجہ سے پرفارمنس نہ کرپانے پر معذرت کی تھی مگر ڈوجا کیٹ نے کوئی معذرت نہیں کی، جس پر وہاں کے لوگ گلوکارہ سے خفا دکھائی دیے۔

پیراگوئے کے لوگوں کا غصہ اس وقت مزید بڑھا جب ڈوجا کیٹ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں برازیل کے ایک میوزک فیسٹیول میں اچھی پرفارمنس نہ دینے پر وہاں کے مداحوں سے معذرت کی اور ساتھ ہی وعدہ کیا کہ اب وہ دوسرے میوزک فیسٹیول میں عمدہ پرفارمنس دیں گی۔

’بز فیڈ‘ کے مطابق ڈوجا کیٹ کی جانب سے برازیلی لوگوں سے خراب پرفارمنس پر معذرت کرنے اور انہیں اچھی پرفارمنس دکھانے پر پیراگوئے کے مداح گلوکارہ سے ناراض ہوئے اور انہوں نے ان کے خلاف سلسلہ وار ٹوئٹس کیں۔

پیراگوئے کے مداحوں نے دعویٰ کیا کہ خراب موسم کی وجہ سے فیسٹیول منسوخ ہونے کے باوجود ڈوجا کیٹ نے کوئی ایک معذرت کی ٹوئٹ بھی نہیں کی اور نہ ہی پیراگوئین مداحوں کے لیے کوئی پیغام جاری کیا۔

ڈوجا کیٹ نے ٹوئٹر پر نام بھی تبدیل کیا—اسکرین شاٹ
ڈوجا کیٹ نے ٹوئٹر پر نام بھی تبدیل کیا—اسکرین شاٹ

پیراگوئے کے لوگوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اگرچہ ڈوجا کیٹ کا شو منسوخ ہوا مگر اس وقت پیراگوئے میں موجود تھیں اور ان کے ہوٹل کے باہر ڈھیر سارے مداح موجود تھے مگر وہ ان سے ملنے تک نہیں آئیں اور نہ ہی پیراگوئے سے اپنی کوئی تصویر یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

پیراگوئے کے مقابلے برازیل کو اہمیت دینے اور وہاں کے مداحوں سے اچھی پرفارمنس نہ دینے پر معافی مانگے جانے اور اچھی پرفارمنس دکھانے کے وعدے پر پیراگوئے کے مداح ڈوجا کیٹ سے سخت ناراض دکھائی دیے اور انہوں نے گلوکارہ کے خلاف سلسلہ وار ٹوئٹس کر ڈالیں۔

پیراگوئے کے لوگوں کی جانب سے سخت ٹوئٹس کیے جانے کے بعد ڈوجا کیٹ نے اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں خود پر ہونے والی تنقید کے بعد میوزک چھوڑنے کی دھمکی دی۔

ڈوجا کیٹ نے متعدد ٹوئٹس میں لکھا کہ ’ان کے لیے سب کچھ ختم ہوچکا، وہ میوزک سے الگ ہو رہی ہیں‘۔

انہوں نے واضح طور پر میوزک سے الگ ہونے کا لفظ استعمال کیا مگر یہ وضاحت نہیں کی کہ وہ مختصر طور پر اپنے حالیہ جنوبی امریکی شوز سے الگ ہو رہی ہیں یا ہمیشہ کے لیے میوزک کو خیرباد کہہ رہی ہیں۔

لوگوں کے مطابق ڈوجا کیٹ نے پیراگوئے کے لوگوں کی جانب سے تنقید کے بعد عارضی طور پر غصے میں میوزک چھورنے کا اعلان کیا ہے، وہ میوزک انڈسٹری سے کہیں جانے والی نہیں۔

ڈوجا کیٹ سے قبل بھی متعدد امریکی پاپ اسٹارز نے مداحوں کی تنقید کے بعد میوزک چھوڑنے کا اعلان کیا تھا مگر جلد ہی وہ تمام شخصیات گلوکاری کرتی دکھائی دیں۔

ڈوجا کیٹ کو ان کی بولڈ پرفارمنس کی وجہ سے شہرت حاصل ہے، انہوں نے 2012 میں کیریئر کا اغاز کم عمری میں کیا تھا اور 2018 میں انہوں نے پہلا گانا جاری کیا۔

ڈوجا کیٹ کو گلوکاری کی وجہ سے متعدد ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں اور وہ اپنے بیانات اور بولڈ انداز کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024