• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے سفید ہیرے کی نمائش، 3 کروڑ ڈالر میں فروخت متوقع

شائع March 26, 2022
دی راک نامی 228.31 قیراط سائز کے اس ہیرے کی نیلامی 11 مئی کو جنیوا میں ہو گی — فوٹو: اے ایف پی
دی راک نامی 228.31 قیراط سائز کے اس ہیرے کی نیلامی 11 مئی کو جنیوا میں ہو گی — فوٹو: اے ایف پی

دبئی میں گزشتہ روز ’دی راک‘ نامی بڑے ہیرے کو نیلامی سے قبل پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیا گیا جہاں اس بیش قیمت ہیرے کی 3 کروڑ ڈالر سے زائد میں فروخت متوقع ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق برطانوی آکشن ہاؤس کرسٹیز نے کہا کہ 228.31 قیراط سائز کے اس ہیرے کی 20 سال پہلے جنوبی افریقہ میں کان کنی اور پالش کی گئی تھی اور نیلامی میں آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے۔

مزید پڑھیں: مغلیہ دور کے ہیرے جواہرات سے لیس نایاب چشموں کی برطانیہ میں نیلامی

نیلام گھر کی دبئی کی برانچ میں اسے 26 سے 29 مارچ تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا جس کے بعد دی راک تائی پے، نیویارک اور جنیوا جائے گا جہاں اس کی نیلامی 11 مئی کو ہوگی۔

کرسٹیز میں زیورات کے بین الاقوامی سربراہ راہول کداکیا نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں ہمیشہ سے ہی اہم جواہرات اور قیمتی پتھروں کی بہت زیادہ قدر کی جاتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سوچا کہ ہمارے لیے یہ اچھا ہوگا کہ ہم ایک ایسے علاقے میں ہیرے کو لانچ کریں جہاں اس نوعیت کے اہم جواہرات کے قدردان موجود ہیں، یہ ہیرا جیمولوجیکل انسٹیٹیوٹ آف امریکا کی جانب سے تراشا گیا سب سے بڑا موجودہ D-Z رنگ کے ناشپاتی کے سائز کا ہیرا ہے۔

کرسٹیز کے زیورات کی نجی فروخت کے بین الاقوامی سربراہ جولین برونی نے کہا کہ یہ نیلامی میں فروخت ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سفید ہیرا ہے، یہ ممکنہ طور پر 3 کروڑ ڈالر سے زائد میں فروخت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے کچھ سالوں میں خطے میں ہیروں کی بہت زیادہ مانگ دیکھی ہے، متحدہ عرب امارات اور خلیجی ممالک ہمیشہ سے منفرد ہیروں اور جواہرات کی کلیدی منڈی رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'قدرت کا عجوبہ' قرار دیا جانے والا نایاب گلابی ہیرا 4 ارب روپے میں نیلام

اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے بے رنگ ہیرے کی نیلامی کا ریکارڈ 163.41 قیراط کا تھا جو نومبر 2017 میں 3 کروڑ 37 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

لندن میں سوتھبیز نے گزشتہ ماہ ہیرا ’دی انگما‘ کو فروخت کیا تھا جو نیلامی میں آنے والا اب تک کا سب سے بڑا سیاہ ہیرا تھا، 555.55 قیراط کا یہ ہیرا 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024