• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا کیس: صبا قمر کی غیر حاضری کی درخواست منظور

دونوں کے خلاف اگست 2020 مییں مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ
دونوں کے خلاف اگست 2020 مییں مقدمہ دائر کیا گیا تھا—اسکرین شاٹ

لاہور کی مقامی عدالت نے مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کے کیس میں اداکارہ صبا قمر کی غیر حاضری کی درخواست منظور جب کہ گلوکار بلال سعید کی درخواست مسترد کٓردی۔

دونوں شخصیات نے سماعتوں کے دوران غٖیر حاضر رہنے پر عدالت میں غیر حاضری معافی کی درخواستیں دائر کی تھیں، جس پر ضلع کچہری کی عدالت میں 16 مارچ کو سماعت ہوئی۔

عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست پر پبلک پراسیکیوٹر محسن حسن بھٹی سمیت فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے صبا قمر کی غیر حاضری کی معافی منظور کی جب کہ گلوکار بلال سعید کی درخواست مسترد کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے مختصر سماعت میں ملزمان کی غیر حاضری کی معافی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا کیس: صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواستیں مسترد

دوران سماعت عدالتی وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کی جانب سے عدالتی وقت کو ضائع کر کے سسٹم کا مزاق بنایا جا رہا ہے اور ان کی جانب سےکیس کو لٹکانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

اس سے قبل رواں ماہ مارچ میں عدالت نے دونوں ملزمان کی مقدمے سے بریت کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں فرد جرم عائد کرنے کے لیے طلب کیا تھا، تاہم تاحال صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی۔

عدالت نے بلال سعید اور صبا قمر کو فرد جرم کی کارروائی کے لیے 16 مارچ کو طلب کیا تھا۔

دونوں کے خلاف اگست 2020 میں جاری کیے گئے گانے ’قبول‘ کو جاری کرنے کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

’قبول‘ میں بلال سعید اور صبا قمر کو مسجد وزیر علی خان میں نکاح کی رسم ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا لیکن ان پر اس وقت الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر مسجد کی حدود میں رقص بھی کیا۔

مزید پڑھیں: مسجد کا ’تقدس پامال‘ کرنے کا کیس: صبا قمر اور بلال سعید پر فرد جرم کی تاریخ مقرر

دونوں اداکاروں نے مسجد کی حدود میں رقص کرنے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے مسجد میں صرف نکاح کی رسم کی شوٹنگ کی تھی اور اس ضمن میں انتظامیہ سے باضابطہ طور پر اجازت بھی لی گئی تھی۔

دونوں کے خلاف ابتدائی طور پر دفعہ 295 پ کے تحت لاہور کے اکبری گیٹ تھانے میں عدالتی حکم کے بعد مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف ایڈووکیٹ سردار منظور چانڈیو کی مدعیت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا اور انہوں نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

مقدمہ دائر ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت نے طلب بھی کیا تھا اور دونوں ستمبر 2020 میں ہونے والی سماعتوں میں پیش بھی ہوئے تھے اور انہوں نے ضمانت حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024