جاپان کے شمالی علاقے میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری
جاپان کے شمالی خطے فوکوشیما کے ساحلی علاقے میں 7.3 شدت کا خطرناک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور سونامی الرٹ بھی جاری کردیا گیا۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے میٹرولوجیکل ایجنسی نےکہا کہ زلزلے کی گہرائی 60 کلومیٹر زیر سمندر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان میں 7.2 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری
مذکورہ خطہ جاپان کے ان علاقوں میں شامل ہے جہاں 2011 میں 9.0 شدت کا بدترین زلزلہ اور سونامی سے تباہی آئی تھی اور اس سے جوہری بحران بھی پیدا ہوا تھا۔
زلزلے سے کسی قسم کے نقصانات کے حوالے سے تاحال کوئی رپورٹس سامنے نہیں آئیں۔
بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ٹیپکو نے بتایا کہ ٹوکیو میں 7 لاکھ افراد سمیت 20 لاکھ شہری بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ٹوہوکو الیکٹرک پاور نے بتایا کہ شمال مشرقی خطے میں ایک لاکھ 56 ہزار افراد کے پاس بجلی ہی نہیں ہے۔
جاپان کے وزیراعظم فومیو کیشیدا نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت صورت حال کے بارے میں معلومات جمع کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زلزلے کے متاثرین کو امداد کے لیے ہم معلومات جمع کریں گے اور درست معلومات سے آگاہ کیا جاسکے۔
ٹیپکو کی جانب سے بھی کہا گیا کہ فوکوشیما کے جوہری پلانٹ میں آپریشن کو دیکھ رہے ہیں جو 11 سال قبل تباہ ہوگیا تھا۔
جوہری پلانٹ کے حوالے سے سرکاری ادارے نے بتایا کہ شمال مشرقی میاگی میں اوناگاوا پلانٹ میں کسی قسم کی خرابی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں میاگی کے ساحل پر 7.2 شدت کا زلزلہ آنے کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی تھی۔
جاپانی میڈیا نے بتایا تھا کہ زلزلے اور سونامی کی وارننگ ہونے کے کچھ دیر بعد ساحل سے ایک میٹر بلند لہریں ٹکرائیں۔
جاپان کی میٹرولوجیکل ایجنسی نے بتایا تھا کہ میاگی کے علاقے میں شام 6 بجے آنے والے زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی محسوس کیے گئے اور اس زلزلے کی گہرائی 60 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے بعد کم از کم 200 گھر اور دکانیں بجلی سے محروم ہو گئی تھیں اور مقامی ریل سروس بھی وقتی طور پر بند کردی گئی تھی۔
اسی طرح فروری میں فوکوشیما میں 7.3شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے 100 سے زائد افراد زخمی اور درجنوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
مزید پڑھیں: مشرقی جاپان میں 7.3 شدت کا زلزلہ، 100 سے زائد زخمی
ماہرین نے اس زلزلے کو 2011 میں آنے والے بدترین زلزلے کے آفٹر شاکس قرار دیا تھا۔
اس سے قبل جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں جنوری میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔
سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے نے کہا تھا کہ عمارتوں کو نقصان پہنچنے، پانی کی لائنیں اور سڑکیں تباہ ہونے کی کئی رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔
جاپان میں2011 میں آنے والے زلزلے میں کم از کم 20 افراد ہلاک یا لاپتہ ہوگئے تھے اور اس موقع پر 30 فٹ تک اونچی لہریں بلند ہوئی تھیں۔
ایک دہائی قبل آنے والے اس زلزلے میں جاپان کو ناصرف بڑا جانی نقصان ہوا تھا بلکہ اس زلزلے کے نتیجے میں جاپان کی نیوکلیئر ری ایکٹرز کو بھی بہت نقصان پہنچا تھا۔
جاپان میں اکثر زلزلے کے جھٹکے آتے رہتے ہیں کیونکہ یہ خطے میں زلزلے کی پٹی پر واقع ہے اور یہی وجہ ہے کہ جاپان میں تعمیرات کے لیے سخت معیار رکھا گیا ہے تاکہ عمارتیں زلزلے کے جھٹکے برداشت کر سکیں۔