کراچی ٹیسٹ: عثمان خواجہ کی شاندار اننگز، آسٹریلیا کے 8 وکٹ پر 505 رنز
کراچی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیم نے کھیل کے دوسرے روز کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنا لیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ الیکس کیری نے 93 اور اسمتھ نے 72 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 55 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 505 رنز بنائے جبکہ مچل اسٹارک 28 بناکر ناٹ آؤٹ اور ان کے ساتھ پیٹ کمنز بیٹنگ کے لجے موجود تھے۔
دوسرے دن کےکھیل کا اختتام تک مچل اسٹارک 28 رنز اور پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام، 3 وکٹوں پر 251رنز بنا لیے
آسٹریلیا نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز اپنی پہلی نامکمل اننگز سے 215 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو عثمان خواجہ 127 اور ناتھن لیون صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن 304 کے مجموعے پر ناتھن لیون 38 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
اس کے بعد آؤٹ ہونے والے آسٹریلوی کھلاڑی ٹریوس ہیڈ تھے جو 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
عثمان خواجہ 160 رنز کی شاندا اننگز کھیل کر ساجد خان کی گیند پر بولڈ ہوئے، کراچی شہر میں جہاں سے ان کا خاندانی تعلق بھی ہے وہاں 160 رنز کی یادگار اننگز کے ساتھ وہ مارک وا کے 117 رنز کے بعد پاکستان میں سینچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے۔
کیمرون گرین کو 28 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی نے بولڈ کیا۔
ایلکس کیری نے 93 رنز کی اننگز کھیلی اور بابر اعظم کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو جب کہ نعمان علی، حسن علی اور بابر اعظم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مزید پڑھیں:پہلے ٹیسٹ کی وکٹ آسٹریلیا سے شکست کے خوف سے بنانے کا تاثر غلط ہے، بابر اعظم
پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز آسٹریلیا کے نام رہا تھا اور عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت مہمان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 251رنز بنائے تھے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
اس سے قبل ٹاس کے موقع پر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا تھا کہ یہ ایک اچھی وکٹ لگ رہی ہے اور ہم بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے اپنی ٹیم میں مچل سویپسن کو شامل کیا ہے۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ یہ کراچی کی روایتی وکٹ ہے جس پر بعد میں اسپنرز کو مدد ملے گی۔
میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں اور افتخار احمد اور نسیم شاہ کی جگہ فہیم اشرف اور حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: بابراعظم(کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان، نعمان علی۔
آسٹریلیا: پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن، جوش ہیزل وڈ اور مچل سویپسن۔