• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ثنا جاوید نے میرے سامنے منال سلیم کے لیے نامناسب زبان استعمال کی، میک اپ آرٹسٹ

شائع March 12, 2022
میک اپ آرٹسٹ کے مطابق ثنا جاوید نے ماڈل کے لیے نامناسب زبان استعامل کی—فوٹو:  انسٹاگرام
میک اپ آرٹسٹ کے مطابق ثنا جاوید نے ماڈل کے لیے نامناسب زبان استعامل کی—فوٹو: انسٹاگرام

سیلیبرٹی میک اپ آرتسٹ سید حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ ثنا جاوید نے ان کے سامنے ہی ماڈل منال سلیم کے لیے نامناسب زبان استعمال کی۔

منال سلیم نے کچھ دن قبل انسٹاگرام پر ثنا جاوید کا نام لیے بغیر انسٹاگرام اسٹوری میں برانڈز کو التجا کی تھی کہ انہیں اب کسی اداکارہ کے ہمراہ کام کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، کیوں کہ بعض اداکارائیں ماڈلز کو دو ٹکی کی سمجھتی ہیں۔

انہوں نے لکھا تھا کہ داکاراؤں میں صرف خود کو ہی بہتر سمجھنے کی ضد ہوتی ہے، اس لیے وہ آئندہ کسی بھی اداکارہ کے ہمراہ کام نہیں کریں گی۔

منال سلیم کے بعد دیگر میک اپ آرٹسٹس اور ماڈلز نے بھی ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ان کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹس کی تھیں۔

اب میک اپ آرٹسٹ سید حسین نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا ہے کہ جس دن ثنا جاوید نے ماڈل منال سلیم کو ’دو ٹکے کی ماڈل‘ قرار دیا، اس دن انہوں نے ہی دونوں شخصیات کا میک اپ کیا تھا۔

سید حسین نے اپنی پوسٹ میں منال سلیم اور ثنا جاوید کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ہی دونوں شخصیات کا شوٹنگ کے لیے میک اپ کیا تھا اور وہ یہاں جو بھی لکھ رہے ہیں، وہ سچ ہیں جو انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

میک اپ آرٹسٹ کے مطابق شوٹ والے دن انہوں نے پہلے منال سلیم کا میک اپ کیا، جس دوران ثنا جاوید آئیں اور انہوں نے ماڈل کو جلد میک اپ روم سے نکالنے کا کہا، جس کے بعد منال سلیم کا میک اپ ان کے اسسٹنٹ نے مکمل کیا۔

سید حسین احمد کے مطابق ایک ہی روم میں انہوں نے بعد ازاں ثنا جاوید کا میک اپ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: منال سلیم اور میک اپ آرٹسٹس کے اداکارہ ثنا جاوید پر سنگین الزامات

میک اپ آرٹسٹ نے دعویٰ کیا کہ منال سلیم کے فوٹو شوٹ کے درمیان میں ثنا جاوید نے مداخلت کی، جس پر ماڈل نے اداکارہ کو جواب دیا۔

سید حسین کے مطابق ماڈل کے جواب دینے پر ثنا جاوید کو غصہ آگیا اور انہوں نے ماڈل کے لیے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے اپنے منیجر کو فون کیا اور انہیں کہا کہ ’آئندہ وہ انہیں دو ٹکے کی ماڈلز کے ساتھ کام کرنے کے لیے نہ بلائیں‘۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیاکہ ثنا جاوید نے آخر کیوں منال سلیم کے فوٹو شوٹ میں مداخلت کی؟

میک اپ آرٹسٹ نے ثنا جاوید کے رویے کو نئے لوگوں اور ماڈلز کے لیے تضحیک آموز قرار دیا اور لکھا کہ کسی کو بھی دوسروں کے ساتھ اس طرح کا رویہ اختیار کرنے کا حق نہیں ہے۔

میک اپ آرٹسٹ کی پوسٹ پر سپر ماڈل مشک کلیم نے کمنٹس کرتے ہوئے ان کی جانب سے گواہی دیے جانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مذکورہ میک اپ آرٹسٹ سے قبل بھی چند میک اپ آرٹسٹس اور ماڈلز نے ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات لگا رکھے ہیں، جس پر اداکارہ نے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کر رکھا ہے۔

جہاں میک اپ آرٹسٹس، اسٹائلسٹس اور ماڈلز نے ثنا جاوید کے رویے کی شکایت کی، وہیں ہدایت کار ندیم بیگ اور اداکار فہد مصطفیٰ سمیت سعدیہ فیسل نے ان کی حمایت میں بھی پوسٹس کی تھیں۔

ثنا جاوید کے معاملے پر شوبز، فیشن اور میک اپ آرٹسٹس شخصیات دو حصوں میں تقسیم دکھائی دیتی ہیں، جہاں کچھ لوگوں اداکارہ کی مخالفت کر رہی ہیں، وہیں بعض ان کی حمایت میں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024