• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انسداد دہشت گردی عدالت: منظور پشتین 4 ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار

شائع March 11, 2022
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی ایم کے سربراہ اور دیگر رہنما کراچی میں موجودہیں—فائل فوٹو: آئمہ کھوسہ
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی ایم کے سربراہ اور دیگر رہنما کراچی میں موجودہیں—فائل فوٹو: آئمہ کھوسہ

کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور احمد پشتین اور ان کی پارٹی کے 4 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق منظور پشتین سمیت محمد اختر، اکرام اللہ، احسن اللہ، نور اللہ ترین، محمد شیر خان، وحید خان اور ایم ادریس پر 13 مئی 2018 کو کراچی میں ان کی مرکزی ریلی سے قبل عوامی جلسوں میں سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔

پی ٹی ایم کے ایک اور رہنما اور موجودہ رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف کراچی میں ایک جیسے 3 مقدمات درج کیے گئے تھے، شہر میں ان کے خلاف درج بغاوت کے 2 مقدمات میں گرفتاری کے بعد سے وہ 31 دسمبر 2020 سے کراچی سینٹرل جیل میں قید ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین گرفتار، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

بدھ کو اے ٹی سی 2 کے جج نے 2 مقدمات کی سماعت کی جس میں محمد اختر، اکرام اللہ اور احسان اللہ عدالت میں پیش ہوئے جو کہ ضمانت پر ہیں۔

گزشتہ سماعت میں تفتیشی افسر نے عدالت کی جانب سے پی ٹی ایم سربراہ اور دیگر کی گرفتاری کے لیے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ پر عملدرآمد کے حوالے سے تعمیلی رپورٹ دائر کی۔

اطلاعات کے مطابق تفتیشی افسر (آئی او) نے عدالت کو بتایا تھا کہ پی ٹی ایم کے سربراہ اور دیگر رہنما کراچی میں موجود ہیں جہاں وہ اس وقت سندھ اسمبلی کی عمارت کے باہر کئی روز سے دھرنا دیے ہوئے۔

مزید پڑھیں: 'اب وقت ختم ہوا'، پاک فوج کی پی ٹی ایم رہنماؤں کو تنبیہ

جج نے ملزمان کی شہر میں موجودگی کے باوجود عدم گرفتاری پر تفتیشی افسر کی سرزنش کی اور ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ دوبارہ جاری کردیے۔

عدالت نے منظور پشتین اور 4 دیگر مفرور رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور نادرا کو ان کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے پانچوں افراد کی گرفتاری کے لیے دائمی وارنٹ بھی جاری کیے۔

پی ٹی ایم کے سربراہ کے خلاف گلشن معمار پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 124-اے (اشتعال انگیز تقریر)، سیکشن 148 (مہلک ہتھیاروں کے ساتھ ہنگامہ آرائی)، سیکشن 149 (خلاف قانون مجمع کا ہر رکن اس جرم کا مرتکب ہے جو مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے کیا جائے)، سیکشن 153-اے (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، سیکشن 500 (ہتک عزت) اور سیکشن 505 (عوامی فساد کو ہوا دینے والے بیانات) اور سیکشن 7 (دہشت گردی کی کارروائیوں کی سزا) کے تحت 2 ایک جیسے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024