• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم اور تحریک انصاف پر منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات

شائع March 9, 2022
مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ اخلاقی طور پر عمران صاحب کو بطور وزیراعظم کوئی خطاب نہیں کرنا چاہیے— فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ اخلاقی طور پر عمران صاحب کو بطور وزیراعظم کوئی خطاب نہیں کرنا چاہیے— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف پر منی لانڈرنگ کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اصل سازش 2008 سے 2013 کے درمیان ہوئی تھی جس میں ملک کے اندر 26 غیرملکی فنڈنگ کے خفیہ اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک سے منی لانڈرنگ کر کے پیسے منگوائے گئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پارلیمان میں جمع کرائی جاچکی ہے اور تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن اراکین اسمبلی کے دستخط کے ساتھ ایوان میں جمع کرائی جاچکی ہے۔

مزید پڑھیں: ’کوئی اور نہیں، خود پی ٹی آئی کا انتشار حکومت کے لیے مہلک ثابت ہوگا‘

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اخلاقی طور پر عمران صاحب کو بطور وزیراعظم کوئی خطاب نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اس وقت جو ان کی ذہنی حالت ہے اور آج جو انہوں نے خطاب کیا تو اس سے لگ رہا تھا کہ دھمکیاں، غنڈہ گردی اور جس قسم کی بات وہ کر رہے تھے، اس سے صاف ظاہر ہے کہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج جس قسم کی گفتگو کی اس سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کی خوشخبری عوام کو مل چکی ہوگی، ان کی شکست ان کے چہرے، باڈی لینگویج، بیان اور تقریر سے ظاہر ہو چکی ہے، پاکستان کے عوام کو یہ خوشخبری مل چکی ہے کہ جو نالائق، چور اور کرپٹ ٹولا عمران صاحب کی شکل میں ساڑھے 3 سال قبل عوام پر مسلط کیا گیا تھا، وہ جاچکا ہے اور آج کے بیان سے واضح ہو چکا ہے کہ ان کی سیاسی موت ہو چکی ہے۔

مسلم لیگ کی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم آج اپنے ٹارگٹ بتاتے رہے، جب انہوں نے ٹارگٹ کی بات کی تو میں سمجھی تھی کہ آٹے کی قیمت کم کرنے کا اعلان کیا جائے گا، دوسرا ٹارگٹ چینی کی قیمت کم کرنے کا اعلان ہو گا، 50 لاکھ گھروں کا اعلان ہوگا، ایک کروڑ نوکری کے بارے میں موصوف کچھ بتائیں گے لیکن ٹارگٹ پر آج بھی سیاسی حریفوں پر وہی جھوٹے الزامات، گندی زبان اور گالی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نہ گالی دینے سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی فرق پڑے گا، نہ دھمکیاں دینے سے کوئی فرق پڑے گا، آپ نے کہا کہ میں جیل میں ڈالوں گا لیکن آپ نے ساڑھے تین سال کیا کیا ہے، سیاسی حریفوں کو جیلوں میں ڈالا، ان کی بہنوں اور بیٹیوں کو ہتھکڑیاں لگائیں تو جیل کی دھمکیاں کس کو دے رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: ہاتھوں کی زنجیر اب کھل گئی ہے، پہلا ہدف آصف زرداری ہوگا، وزیر اعظم

ان کا کہنا تھا کہ جیل کی دھمکی اس کو دیں جس نے عوام کا آٹا، چینی، بجلی، گیس اور دوائی چوری کی ہے، اب جیل میں جانے کا وقت اس کا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کچھ عرصے سے ذکر جاری ہے کہ بیرون ملک سازش کی جارہی ہے، بیرونی قوتیں عمران خان کے خلاف سازشیں کر کے انہیں ہٹانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن ان کو کیونکر ہٹایا جائے گا، انہوں نے سی پیک بند کردیا، آپ نے کشمیر کے سودے پر آواز بلند نہیں کی، آپ نے آئی ایم ایف کی منتیں کر کے معاشی سلامتی اور خودمختاری ان کے حوالے کر دی۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) پر انہوں نے منتیں کیں، کوئی ایسا انٹرنیشنل فورم نہیں چھوڑا جہاں بھیک نہ مانگی ہو، ملکی معیشت کو کمزور کیا، کرائے کے ترجمانوں نے جو بیرون ملک سازش کی رٹ لگائی ہوئی ہے تو یہ بتائیں کہ کیا ملک میں آٹا 35 سے 85 روپے ہو جائے تو کیا یہ بیرون ملک سازش ہے، چینی 52 سے 130 روپے کلو ہو جائے کیا یہ بیرون ملک سازش ہے، ملک میں قلت پیدا کر کے اسے برآمد کرنا اور پھر دگنی قیمت پر درآمد کرنا بیرونی سازش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے اپنی غلطی بیرون ملک سازش پر ڈال رہے ہیں، آپ وہ شخص ہیں جس نے کبھی اپنی غلطی نہیں مانی، آج آپ کے اپنے ارکان اور اتحادی آپ کا ساتھ چھوڑ رہے ہیں تو یہ بیرون ملک سازش نہیں آپ کا اعمال نامہ ہے، آپ جو ساڑھے تین سال سے عوام کو مہنگائی کی جس چکی میں پیس رہے ہیں یہ ان کا عدم اعتماد ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک عدم اعتماد کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو ہٹانے کی کوششیں زور پکڑ گئیں

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ملک میں سازش 2008 سے 2013 کے درمیان ہوئی تھی جس میں ملک کے اندر آپ نے 26 غیر ملکی فنڈنگ کے خفیہ اکاؤنٹس کے ذریعے بیرون ملک سے منی لانڈرنگ کر کے پیسے منگوائے تھے، جب آپ کو ملک پر مسلط کیا گیا تھا تو وہ اس ملک کے خلاف بیرون ملک سازش ہوئی تھی۔

انہوں نے تحریک انصاف اور عمران خان پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈنمارک، جرمنی، سوئٹزرلینڈ، متحدہ عرب امارات، سوئیڈن، نیوزی لینڈ، سنگاپور، ہانگ کانگ، آسٹریا، سعودی عرب، ناروے اور آسٹریلیا سے پیسے آنے والی ترسیلات زر کو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا گیا، پاکستان کے خلاف اصل بیرون ملک سازش یہ تھی جو آپ نے خفیہ فنڈز کے ذریعے کی۔

ان کا کہنا تھا کہ یکم جولائی کو عمران خان نے دستخط کیے اور سینٹرل آفس کے ملازمین کے ذریعے ان کے ذاتی اکاؤنٹس کے اوپر بیرون ملک سے پارٹی فنڈنگ منگانے کی اجازت دی، طاہر اقبال، محمد نعمان افضل، محمد ارشد اور محمد رفیق کے نام پر اور ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں فنڈنگ آتی رہی جو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کی گئی، ان کے نام پر ذاتی اکاؤنٹس میں فنڈنگ کہاں سے آتی رہی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک عدم اعتماد: اپوزیشن کی جماعت اسلامی سے حمایت کی درخواست

انہوں کہا کہ پی ٹی آئی کے بیرون ملک امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، فن لینڈ، ناروے اور نیوزی لینڈ کے دفاتر کے فنڈز کو الیکشن کمیشن میں ڈکلیئر نہیں کیا گیا، اس ملک کے خلاف اصل سازش یہ تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024