• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

راولپنڈی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا

شائع March 8, 2022
عبداللہ شفیق نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
عبداللہ شفیق نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرواتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: اے پی
پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرواتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں — فوٹو: اے پی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم ہو گیا اور پاکستانی اوپنرز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔

راولپنڈی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بلے بازوں کے لیے بہترین بیٹنگ پریکٹس ثابت ہوا اور دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے رنز کے انبار لگا دیے۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: آسٹریلیا کے 271 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ

میچ کے پانچویں اور آخری دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 449 رنز 7کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو 3.1 اوورز میں صرف 10 رنز کے اضافے سے بقیہ تینوں وکٹیں بھی گنوا بیٹھی۔

آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 459رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 17رنز کی معمولی برتری حاصل کی۔

پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے کیریئر کی بہترین باؤلنگ کرواتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 8 ٹیسٹ میچز میں تیسری بار 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستانی اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز کا آغاز بھی پراعتماد انداز میں کیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے بہترین بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے نصف سنچریوں تک بھی رسائی حاصل کی۔

میچ یقینی طور پر ڈرا کی جانب جاتا دیکھ کر آسٹریلیا نے بھی اپنے مرکزی فاسٹ باؤلرز کو تھکانا مناسب نہ سمجھا اور پارٹ ٹائم باؤلرز کو گیند تھما کر اوورز پورے کرنے کی پالیسی اپنائی۔

پاکستانی اوپنرز نے بھی ناتجربہ کار اور کمزور باؤلنگ کو تختہ مشق بناتے ہوئے رنز کے ڈھیر لگا دیے اور دونوں نے اپنی اپنی سنچریاں اسکور کیں۔

عبداللہ نے کیریئر میں پہلی مرتبہ سنچری اسکور کی جبکہ امام الحق نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سنچری کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

دونوں اوپنرز نے اسکور 252 تک پہنچایا تھا کہ دونوں کپتانوں نے امپائرز سے مشاورت کے بعد میچ کے خاتمے پر اتفاق کیا۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ نے 136 اور امام نے 111 رنز کی اننگز کھیلی۔

دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کرنے پر امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم میں 21مارچ سے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024