• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’نیٹ فلیکس‘ اور ’ٹک ٹاک‘ نے روس میں سروس بند کردی

شائع March 7, 2022
ٹک ٹاک نے روس سے براہ راست ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی—فوٹو: Zuma / TASS
ٹک ٹاک نے روس سے براہ راست ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی—فوٹو: Zuma / TASS

شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ’ٹک ٹاک‘ نے روسی حکومت کی جانب سے نئے سوشل میڈیا قوانین نافذ کیے جانے کے بعد وہاں نئی پابندیاں عائد کردیں جب کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے یوکرین پر حملے کے باعث روس میں اپنی سروس بند کردی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق روسی حکومت کی جانب سے جعلی خبریں پھیلانے والے افراد کو 15 سال تک جیل قید کی سزا کا نیا قانون نافذ کیے جانے کے بعد ’ٹک ٹاک‘ نے وہاں پر نئی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر پابندی عائد کردی۔

نئی پابندیوں کے تحت اب روسی صارفین ٹک ٹک پر لائیو اسٹریمنگ بھی نہیں کر پائیں گے جب کہ وہاں سے کسی طرح کی کوئی ویڈیو بھی اپ لوڈ نہیں کی جا سکے گی۔

تاہم روس میں ٹک ٹاک کی سروس بحال رہے گی جب کہ ایپلی کیشن انتظامیہ نے عندیہ دیا ہے کہ مستقبل میں وہ نئی قانون سازی کا جائزہ لے کر وہاں پر تمام سروسز بحال کردیں گے۔

دوسری جانب اسٹریمنگ ویب سائٹ ’نیٹ فلیکس‘ نے بھی یوکرین پر حملے کے باعث روس میں اپنی سروس معطل کردی۔

’رائٹرز‘ نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ یوکرین پر حملوں کے باعث نیٹ فلیکس نے نہ صرف روس میں اپنی سروس معطل کردی بلکہ ویب سائٹ نے روسی نشریاتی اداروں کے مواد کو بھی اپ لوڈ کرنا بند کردیا۔

’نیٹ فلیکس‘ نے عارضی طور پر روسی اوریجنل مواد تیار کرنے پر بھی پابندی عائد کردی۔

’نیٹ فلیکس‘ اور ’ٹک ٹاک‘ سے قبل ٹوئٹر اور فیس بک سمیت گوگل کی ذیلی سائٹس اور ایپس نے بھی روس میں جزوی پابندیاں عائد کی تھی۔

علاوہ ازیں روسی حکومت نے بھی کچھ دن قبل فیس بک پر وہاں پابندی عائد کردی تھی جب کہ روسی حکومت نے یوکرین جنگ پر غلط معلومات کو پھیلانے کے غرض سے بھی وہاں سوشل میڈیا قوانین کا نفاذ کیا ہے، جس کے باعث مزید انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس وہاں پر اپنی سروس بند کرنے پر مجبور ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Kashif Mar 07, 2022 09:41pm
اب تو لوگوں کے پاس ایک دوسرے کے لئے وقت ہی وقت ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024