گاوسکر نے شین وارن کو عظیم ترین اسپنر ماننے سے انکار کردیا
بھارتی ٹیم کے عظیم بلے باز سنیل گاوسکر نے آسٹریلین اسپنر شین وارن کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کیا تاہم انہیں عظیم ترین اسپنر ماننے سے انکار کردیا۔
خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق بھارت کے ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بات کرتے ہوئے گاوسکر نے 52 سال کی عمر میں تھائی لینڈ میں انتقال کرنے والے اسپنر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے انتقال پر کچھ بھی کہنے سے قاصر ہوں۔
مزید پڑھیں: شین وارن کا ’اسپن جادوگر‘ سے ’پلے بوائے‘ تک کا سفر
واضح رہے کہ شین وارن کے انتقال سے ایک دن قبل ہی سابق عظیم آسٹریلین وکٹ کیپر بلے باز روڈنی مارش بھی انتقال کر گئے تھے۔
سابق بھارتی بلے باز نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں ناصرف آسٹریلین کرکٹ بلکہ پوری دنیا کرکٹ کے دو عظیم کھلاڑیوں روڈنی مارش اور شین وارن سے محروم ہوگئی ہے اور مجھے اس پر یقین نہیں آرہا۔
انہوں نے کہا کہ شین وارن نے ایک ہنر میں مہارت حاصل کی جو بہت مشکل ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں 700 سے زائد اور ایک روزہ کرکٹ میں سیکڑوں وکٹیں لینے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کتنے اچھے باؤلر تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فنگر اسپن بہت آسان ہے اور آپ کو اس پر کنٹرول رہتا ہے کہ آپ کیسے باؤلنگ کرنا چاہتے ہیں مگر لیفٹ اسپن یا کلائی اسپن بہت مشکل ہے، مگر انہوں نے جس طرح سے لیگ اسپن باؤلنگ کی اور جس طرح سے وہ جادو کرتے نظر آئے، یہی وجہ ہے کہ کرکٹ کی دنیا میں ان کی اتنی عزت اور قدر کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے
تاہم بھارتی کرکٹر اور مبصر متیاہ مرلی دھرن کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے شین وارن کو سب سے بڑا اسپنر نہیں مانتے۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے بھارتی اسپنرز اور متھیا مرلی دھرن یقینآ وارن سے بہتر ہیں کیونکہ بھارت کے خلاف وارن کا ریکارڈ دیکھیں جو بہت ہی معمولی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مایہ ناز آسٹریلین لیگ اسپنر کو بھارتی کھلاڑیوں کے خلاف زیادہ کامیابی نہیں ملی کیونکہ وہ اسپن باؤلنگ کے بہت اچھے کھلاڑی ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ میں انہیں عظیم ترین کہوں گا۔
10 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز بنانے والے سابق بلے باز نے کہا کہ بھارت میں مرلی دھرن نے جو فتوحات حاصل کیں، اس کی وجہ سے میں انہیں زیادہ بہتر درجہ دوں گا۔
مزید پڑھیں: شین وارن، عبدالقادر کا گھر اور ’کینو‘ کے ساتھ گوگلی کا دلچسپ واقعہ
سنیل گاوسکر کے اس موقع پر خصوصاً ان کے طرز زندگی کے حوالے سے تبصروں اور اسے ان کی موت کی وجہ قرار دیے جانے کو بھارتی شائقین نے بھی کچھ خاص پسند نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ شین وارن ہمیشہ زندگی کو مکمل طور پر جینے کی کوشش کرتے تھے اور انہوں نے ایسا کیا اور شاید اس انداز میں زندگی گزارنے کی وجہ سے ان کا دل یہ سب برداشت نہ کر سکا اور وہ اتنی جلدی چل بسے۔