• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان نے 10 کروڑ افراد کی مکمل ویکسینیشن کا سنگِ میل عبور کرلیا

شائع March 7, 2022
اسد عمر نے بتایا ملک میں 10 کروڑ 27 لاکھ شہریوں نے ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
اسد عمر نے بتایا ملک میں 10 کروڑ 27 لاکھ شہریوں نے ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے کورونا ویکسین کے حوالے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، ملک بھر میں 10 کروڑ افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگادی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 10 کروڑ افراد کے مکمل ویکسینیٹڈ ہونے کا اعلان وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بذریعہ سوشل میڈیا کیا۔

اسد عمر نے ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ کہ ملک میں جاری ویکسین مہم میں اہم سنگ میل عبور کرلیا گیا، 10 کروڑ پاکستانی شہری ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے کورونا ویکسی نیشن مہم میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ 10 کروڑ 27 لاکھ شہریوں نے ویکسین کی ایک خوراک حاصل کی ہے، ہم ویکسین کے اہل افراد کی ویکسین نیشن مکمل کرنے کے ہدف کے بہت قریب ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے ویکسین مہم کی کامیابی کے حوالے سے آگاہ کیا۔

دریں اثنا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 756 کیسز سامنے آئےجبکہ عالمی وبا میں مبتلا 7 مریض جان کی بازی ہار گئے، ملک میں مثبت کیسز کی شرح 2.1 فیصد ہے جبکہ 826 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں اب تک ویکسین کی 21 کروڑ 69 لاکھ 32 ہزار 641 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، 12 کروڑ 75 لاکھ 32 ہزار 69 افراد کو ایک جبکہ 10 کروڑ ایک لاکھ 3ہزار 961 دونوں خوراکیں لگائی جاچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 2 کروڑ سے زائد اہل آبادی کی ویکسینیشن اب تک نامکمل

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 46 لاکھ 46 ہزار 807 مریض بوسٹر شاٹ حاصل کرچکے ہیں۔

ڈان کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق ملک کے صرف ایک شہر گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کیسز کے مثبت شرح 10 فیصد سےزائد ہے، یہاں 21 فیصد نمونوں کے مثبت نتائج موصول ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرانوالہ، گجرات، لاہور، ملتان، سرگودھا، ایبٹ آباد، نوشہرہ ، اور سوات سمیت ملک کے دیگر شہروں میں مثبت کیسز کی شرح 2 فیصد رپورٹ ہوئی ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں اتوار تک 97 فیصد یعنی ایک ہزار 579 وینٹی لیٹرز خالی تھے جبکہ نان کووڈ وینٹیلیٹرز میں سے بھی ایک ہزار 468 وینٹی لیٹرز پر مریض موجود نہیں، اسی طرح 93 فیصد آکسیجن بیڈ بھی خالی ہوچکے ہیں۔

ملک میں عالمی وبا کے آغاز سےاب تک 30 ہزار 2 سو 62 مریض انتقال کرچکے ہیں جن میں 61 فیصد مرد شامل ہیں اور ان کی عمریں 2 سے 100 سال کے درمیان یا اس سے زیادہ تھیں۔

انتقال کرنے والوں میں سے 69 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے زائد تھی جبکہ بیشتر مریض پہلے ہی دائمی بیماریوں میں مبتلا تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 539 کیسز رپورٹ

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس کی وجہ سے مرنے والوں میں سے 91 فیصد ہسپتال میں داخل رہے اور ان کا قیام ایک سے 173 دن کے درمیان اوسطاً 6.5 روز کا رہا۔

علاوہ ازیں 44 فیصد مریض اب بھی وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں اور ایک روز سے 42 ایام کے درمیان ان کے قیام کی اوسط 3.2 روز ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے سبب 174 ایسے افراد کا انتقال ہوا جن کا تعلق شعبہ صحت سے تھا، ان میں 103 ڈاکٹرز ، ایک میڈیکل طالبعلم، 4 نرسیں، جبکہ 66 پیرامیڈیکل اسٹاف شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024