• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

درمیانی عمر میں موت کا خطرہ کم کرنے والی آسان عادت آج ہی اپنالیں

شائع March 6, 2022
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

درمیانی عمر میں جان لیوا امراض سے تحفظ اور جلد موت کے خطرے کو کم کرنا چاہتے ہیں؟

تو دن بھر میں چند ہزار قدم چلنا عادت بنالیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

یونیورسٹی آف میساچوسٹس Amherst کی تحقیق میں 4 براعظموں میں لگ بھگ 50 ہزار افراد کے روزانہ چہل قدمی کی عادت پر ہونے والی 15 تحقیقی رپورٹس کا جامع تجزیہ کیا گیا۔

بنیادی طور پر اس تحقیق کا مقصد یہ جاننا تھا کہ روزانہ کتنے قدم چلنا صحت کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے اور 10 ہزار قدم کا جو مشورہ دیا جاتا ہے اس میں کس حد تک صداقت ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 10 ہزار کی بجائے روزانہ 6 ہزار قدم چلنا بھی صحت کے لیے فائدہ مند ہوسکتا ہے (اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ آپ کی عمر کیا ہے)۔

درحقیقت معمر افراد کا زیادہ چلنا جلد موت کا خطرہ کم نہیں کرتا اور محققین کا کہنا تھا کہ عمر کے ساتھ قدم بڑھانے سے جلد موت کا خطرہ کم ہوتا ہے مگر ایک مقام ایسا آتا ہے جب کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

انسان بنیادی طور پر حرکت کرنے کے لیے بنے ہیں اور چلنے کے ساتھ ہمارا میٹابولزم اور جسمانی فٹنس بہتر ہوتی ہے، ہڈیوں اور مسلز پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ ذہنی صحت بھی اچھی ہوتی ہے۔

تحقیق میں زیادہ دلچسپ دریافت تھی کہ چلنے کی رفتار اور صحت پر اثرات میں کوئی ٹھوس تعلق موجود نہیں۔

آسان الفاظ میں آپ کو بس قدموں کی تعداد پر دھیان رکھنا ہے رفتار چاہے جو بھی ہو، اس سے بھی جلد موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ستمبر 2021 کی تحقیق کو سپورٹ کرتے ہیں جس میں دریافت کیا گیا تھا کہ روزانہ 7 ہزار قدم چلنا درمیانی عمر میں موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ قدموں کو ٹریک کرنا بہت ٓسان ہے بلکہ اب تو فٹنس ٹریکنگ ڈیوائسز عام ہیں۔

اس تحقیق میں قدموں کی اوسط تعداد کی بنیاد پر 50 ہزار کے قریب افراد کے 4 گروپس بنائے گئے تھے۔

ایک گروپ ان افراد کا تھا جو روزانہ ساڑھے 3 ہزار قدم چلتے تھے، دوسرا 5800، تیسرا 7800 اور چوتھا 10 ہزار 900 قدم چلنے والوں کا تھا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ساڑھے 3 ہزار قدم چلنے والوں کے مقابلے میں باقی تینوں گروپس میں جلد موت کا خطرہ 40 سے 53 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ ایسے شواہد کی کمی نہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ کچھ دیر کے لیے چلنا بھی فائدہ مند ہے بالخصوص ان افراد کے لیے جو دن بھر میں جسمانی طور پر زیادہ متحرک نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے زیادہ قدم چلیں گے اتنا ہی صحت کے لیے بہتر ہوگا، درمیانی عمر یا معمر افراد کے لیے روزانہ 6 سے 8 جبکہ جوان افراد کے لیے 8 سے 10 ہزار قدم چلنا موت کا خطرہ کم کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024