آسٹریلین ٹیم پاکستان میں اچھے ہاتھوں میں ہے، آسٹریلین کوچ
آسٹریلین ٹیم کے کوچ اینڈریو میک ڈونلڈ نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کے باوجود پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلین ٹیم پاکستان میں اچھے ہاتھوں میں ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے میں کم از کم 56 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہو گئے۔
مزید پڑھیں: کرکٹ لیجنڈ، عظیم لیگ اسپنر شین وارن انتقال کرگئے
آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے اور آج ہی دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شروع ہوا جبکہ اس دورے کی کامیابی کے نتیجے میں پاکستان میں دیگر بڑی ٹیموں کے دورے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔
دورہ شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرنے والے راولپنڈی سے 140 کلومیٹر دور پشاور میں مسجد میں دھماکا ہوا۔
ابھی تک کسی نے بھی اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
میچ کے پہلے دن کے کھیل کے بعد آسٹریلین ٹیم کے کوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پشاور کے عوام سے تعزیت کرتے ہیں اور اس دھماکے کے حوالے سے ہماری سیکیورٹی ٹیم درست رہنمائی کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب سے ہم پاکستان آئے ہیں تو ہم بہت اچھے ہاتھوں میں ہیں، میدان میں ماہرین ہماری بھرپور رہنمائی کررہے ہیں، اگر کچھ تبدیلی ہوتی ہے تو وہ ہمیں اس بارے میں ضرور آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امام کی سنچری، راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستان کے نام
پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان آسٹریلین ٹیم کو پورے دورے کے لیے سربراہ مملکت کے طرز کی سیکیورٹی فراہم کی ہے۔
اس سے قبل پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے امید ظاہر کی کہ آسٹریلین ٹیم کے دورہ پاکستان دیگر ٹیموں کی پاکستان آنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی ہو گی۔