تھرکول پلانٹ میں دھماکا، 5 افراد زخمی
تھر میں اینگرو پاورجن تھر لمیٹڈ (ای پی ٹی ایل) کول پلانٹ میں دھماکے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔
اینگرو کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ دھماکا شام 5 بجے 330 ایم ڈبلیو یونٹ ون پلانٹ کے کوئلہ منتقل کرنے والے یونٹ میں ہوا، جس سے 5 افراد متاثر ہوئے۔
مزیدپڑھیں: تھرکول منصوبہ، 145 میٹر کھدائی کے بعد کوئلہ نکل آیا
کمپنی کی جانب سے زخمیوں کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دی گئیں لیکن کہا گیا کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور طبی امداد دی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘فوری طور پر ایمرجنسی اور سیفٹی ٹیموں کو متحرک کردیا گیا تھا، ایسے موقع پر ہماری اولین ترجیح ہمارے عملے کی سلامتی ہوتی ہے اور ہم انہیں تمام ضروری تعاون فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں’۔
اینگرو نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکا بیلٹ سسٹم میں ہوا جہاں سے پاور پلانٹ کو کوئلہ منتقل ہوتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘یہ بتانا ضروری ہے کہ پاور پلانٹ شیڈول کے تحت بند تھا جہاں ایک یونٹ پہلے مینٹیننس کے لیے بند کردیا گیا تھا تاہم دیگر یونٹس فعال تھے’۔
مزید بتایا گیا کہ سیفٹی کے حوالے سے فعال یونٹ بند کیا جا رہا تھا جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ ‘جب اضافی معلومات دستیاب ہوں گی تو مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائےگا’۔
یہ بھی پڑھیں: تھر کول منصوبہ: 'اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بچانا ممکن'
پولیس ذرائع نے پلانٹ کی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ‘معمولی نوعیت کا واقعہ تھا’۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ واقعے کے بعد جائے وقوع پر پہنچی لیکن آگ پر وقت پر قابو لیا گیا تھا، پولیس ذرائع نے بتایا کہ واقعے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ملک کے پہلے 660 میگاواٹ کا پاورپلانٹ کی تعمیرپاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اپریل 2016 میں شروع ہوئی تھی اور 660 میگاواٹ پاور پیدا کرنے کا آغاز دسمبر 2018 میں ہونا تھا۔
تاہم کول پاور پلانٹ نے نیشنل گرڈ کے لیے مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار مارچ 2019 میں 330 میگاواٹ کے ساتھ شروع کی تھی۔