• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:13pm Isha 6:37pm

ملک بھر میں پہلی مرتبہ اسمارٹ فونز کی تعداد 2جی فونز سے متجاوز

شائع February 28, 2022
رپورٹ کے مطابق  2 جی فون سیٹز کے 48 فیصد مارکیٹ شیئر کے مقابلے میں اسمارٹ فونز کو 52 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل ہوگئے—فائل فوٹو: اے پی
رپورٹ کے مطابق 2 جی فون سیٹز کے 48 فیصد مارکیٹ شیئر کے مقابلے میں اسمارٹ فونز کو 52 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل ہوگئے—فائل فوٹو: اے پی

ملک بھر میں پہلی مرتبہ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والوں کی تعداد پرانے 2 جی فون سیٹ استعمال کرنے والوں سے بڑھ گئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے اپنی سالانہ رپورٹ برائے 2021 میں کئی دیگر کامیابیوں کو بھی نمایاں کرتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد بھی 10 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جو ٹیلی کام انڈسٹری کے ریونیو میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹیلی کام انڈسٹری نے سال21-2020 میں جنرل سیلز ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں ایک کھرب 79 ارب روپے ادا کیے جبکہ اس سے پچھلے سال ادا کردہ رقم ایک کھرب 78 ارب 90 کروڑ روپے تھی۔

پی ٹی اے کی رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ ملک کی کورونا وبا کے خلاف کامیاب پالیسی اور انڈسٹری کی سہولت اور صارفین کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات نے ہمہ گیر رابطے اور شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسمارٹ فونز برآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل

رپورٹ کے مطابق پہلی بار اسمارٹ فونز کی تعداد 2 جی فونز سے بڑھ گئی، 2 جی فون سیٹ کے 48 فیصد مارکیٹ شیئر کے مقابلے میں اسمارٹ فونز نے 52 فیصد مارکیٹ شیئر حاصل کرلیے جس سے سال 20-2019 کا رجحان واپس آتے دیکھا گیا۔

مالی سال 18-2017 کے دوران ملک بھر میں 2 جی فون سیٹ کا مارکیٹ شیئر 60 فیصد تھا۔

وزیر برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام سید امین الحق نے حکومت کی ’ڈیجیٹل پاکستان‘ پالیسی کے تحت اقدامات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سال 2020 میں بنائی گئی پالیسیوں نے نتائج ظاہر کرنے شروع کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مخصوص رعایتی پالیسیوں اور ملک میں موبائل مینوفیکچرنگ کے آغاز نے ملک کو ٹیلی کام شعبے میں بہتر صورتحال کی جانب رہنمائی کی۔

مزید پڑھیں: ملکی سطح پر موبائل فونز کی تیاری، درآمد سے بڑھ گئی

سال 2020 کے دوران ملک میں موبائل فونز کی درآمدات 2 کروڑ 45 لاکھ سے کم ہو کر ایک کروڑ رہ گئیں کیونکہ ملک میں تیار ہونے والے موبائل فونز کی تعداد 2 کروڑ 46 لاکھ تک پہنچ گئی۔

تاہم مقامی سطح پر تیار کردہ زیادہ تر موبائل 2 جی فونز تھے جن کی تعداد ایک کڑوڑ 46 لاکھ تھی جبکہ ایک کروڑ اسمارٹ فونز تھے۔

رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی موبائل فون کمپنی ’سام سنگ‘ سمیت 30 کمپنیوں نے موبائل سیٹ کی پروڈکشن کا لائسنس حاصل کیا۔

رپورٹ سے یہ بھی ظاہر کیا ہوا کہ سال 2021 میں ملک بھر میں براڈ بینڈ سبسکرائبرز کی تعداد 10 کروڑ 27 لاکھ تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ملک بھر کی 89 فیصد آبادی ٹیلی کام اور آئی سی ٹی سروسز کی خدمات حاصل کرتی ہے، جبکہ 49 فیصد تک پاکستانیوں کے پاس موبائل براڈ بینڈ کنکشن ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان جنوری 2022 سے موبائل فونز کی برآمد شروع کردے گا، مشیر تجارت

علاوہ ازیں 3جی اور 4 جی سروسز کی توسیع کے ساتھ، سال 21-2020 کے دوران براڈ بینڈ ڈیٹا کا استعمال 52 فیصد بڑھ کر 6 ہزار 855 پیٹا بائٹس تک پہنچ گیا (ایک پیٹا بائٹ ایک ہزار ٹیرا بائٹس کے برابر ہوتا ہے)۔

انٹرنیٹ سروسز کے استعمال میں اضافے سے مالی سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کا ریونیو 6 کھرب 44 ارب کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت میں بھی بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھنے میں آیا، فعال موبائل والٹ اکاؤنٹس ایک سال پہلے کی تعداد 2 کروڑ 67 لاکھ سے 72 فیصد بڑھ کر 4 کروڑ 60 لاکھ ہو گئے۔

اس کے نتیجے میں فعال موبائل والٹ ایجنٹس کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 35 فیصد اضافے کے ساتھ 2 لاکھ 46 ہزار 280 تک پہنچ گئی، جن کی شناخت برانچ لیس بینکنگ کے طور پر کی جاتی ہے۔

جاز 6 کروڑ 97 لاکھ موبائل فون صارفین اور 3 کروڑ 84 لاکھ انٹرنیٹ سبسکرائبرز کے ساتھ بدستور مارکیٹ لیڈر برقرار رہا، دوسرے نمبر پر 4 کروڑ 92 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ ٹیلی نار، تیسرے نمبر پر 4 کروڑ 4 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ زونگ جبکہ 2 کروڑ 31 لاکھ سبسکرائبرز کے ساتھ یوفون چوتھے نمبر پر ہے۔

پی ٹی اے نے بتایا کہ رواں سال 22-2021 میں ان کی توجہ بدستور سروس کے معیار اور کوریج کو بہتر بنانے پر ہی رہے گی جس کے تحت ایڈیشنل اسپیکٹرم کی لانچنگ، 5 جی سروس کے آغاز اور ملک بھر میں فائبر آپٹکس کے نیٹ ورک ایریا میں اضافہ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024