• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

اگلا وزیراعظم کون بنے گا اس کا علم صرف اللہ کو ہے، شہباز شریف

شائع February 25, 2022
شہباز شریف نے کہا کہ قوم عمران خان سے ایک، ایک پائی کا حساب لے گی — فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف نے کہا کہ قوم عمران خان سے ایک، ایک پائی کا حساب لے گی — فوٹو: ڈان نیوز

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگلا وزیر اعظم کون ہوگا اس کا علم اللہ کو ہے، اگر میں آیا تو پارٹی کی مشاورت اور نواز شریف کی قیادت میں کام کروں گا۔

لاہور میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صاف پانی کمپنی کیس اور دیگر کیسز میں نشانہ بنا کر مجھے پوری قوم کے سامنے رسوا کرنے کی بھونڈی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی کیس میں تین سال تک گرفتاریاں کی گئی، اس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کو بھی گرفتار کیا گیا لیکن گزشتہ دنوں احتساب عدالت نے ان سب کو باعزت بری کیا ہے، یہ مسلم لیگ کی حکومت کی توقیر ہے جو اللہ نے عطا کی۔

مزید پڑھیں: صاف پانی ریفرنس: شہباز شریف کی بیٹی، داماد کی جائیدادیں قرق، رپورٹ عدالت میں جمع

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس میں نیب نے مجھے دھوکے سے بلایا اور آشیانہ میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد میرے خلاف دن رات سازشیں کی گئی۔

صاف پانی کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا یہ 118 صاف پانی کے فلٹر پلانٹس کا معاہدہ تھا، اپریل 2015 میں اس کی بولی لگائی گئی جبکہ جولائی میں یہ کنٹریکٹ دیا گیا، 20 فیصد کم بولی لگانے والی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کمپنی کے عہدیدار کو بھی تین ماہ نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا اور تمام گرفتار افراد کو کہا گیا کہ آپ شہباز شریف کے خلاف بیان دے دیں تو ہم آپ کو حکومتی عہدوں پر فائز کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپرا قانون کے تحت حکومت بولی لگانے والے سے رقم میں کمی نہیں کرواسکتی ہے، لیکن میں نے غریب قوم کے پیسے بچانے کے لیے اس قانون کی خلاف ورزی کی اور میں نے ایسے کئی جرم کیے ہیں جن کی سزا میں گزشتہ ساڑھے 3 سال سے بھگت رہا ہوں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کے 'قومی حکومت' کے بیان نے سیاسی بحث چھیڑ دی

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ نیب، نیازی گٹھ جوڑ نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، بے گناہ لوگوں کو گرفتار کیا، انہوں نے اس ملک کو نقصان پہنچایا اور چین جیسے دوست کو ناراض کردیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ الزام لگاتے ہیں، کسی پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکو، جس قدر عمران خان کی ایوان میں کرپشن ہو رہی ہے کہیں نہیں ہوئی، ایل این جی، گندم، چینی، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر اور فارن فنڈنگ کے کیسز کہاں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ادویات اور دیگر کیسز کے حوالے سے عمران خان کو قوم کو جواب دینا ہوگا اور قوم آپ سے ایک، ایک پائی کا حساب لے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں قبر میں چلا جاؤں اور میرے خلاف عوام کے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تو مجھے قبر سے نکال کر تختہ دار پر لٹکا دینا۔

تحریک عدم اعتماد سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد عوامی مشکلات کے پیش نظر لائی جارہی ہے، اس حکومت کی وجہ سے غریب عوام ایک وقت کی روٹی سے قاصر ہے، ان کے پاس ادویات اور تعلیم کے پیسے نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف گھر کی سیڑھی سے گرکر زخمی

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ہمارا آئینی اور سیاسی حق ہے اور ہم اسے استعمال کریں گے، اس حوالے جو پیش رفت ہوگی اس سے آگاہ کریں گے۔

خارجہ پالیسی میں تبدیلی اور وزیر اعظم کے بیرون ملک دوروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ یقیناً ہمیں اپنے پڑوسی ممالک سے تعلقات بحال رکھنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، لیکن 'نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہے‘۔

وزیر اعظم کے لیے اپنا نام تجویز کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ آئندہ کون آئے گا اس کا علم صرف اللہ کو ہے، جو لوگ میرا نام لے رہے ہیں میں ان کا مشکور ہوں، اگر میں آیا تو پارٹی کی مشاورت اور نواز شریف کی قیادت میں کام کروں گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024