• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’قصہ مہربانو کا‘ محبت کے نام پر خواتین کی تذلیل کی کہانی ہے، ماورا حسین

شائع February 24, 2022
ڈرامے کی آخری قسط آئندہ ہفتے نشر کی جائے گی—اسکرین شاٹ
ڈرامے کی آخری قسط آئندہ ہفتے نشر کی جائے گی—اسکرین شاٹ

اداکارہ ماورا حسین نے جلد ہی اختتام کو پہنچنے والے اپنے ڈرامے ’قصہ مہربانو کا‘ پر ہونے والی تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ڈراما محبت کے نام پر خواتین کی تذلیل پر بات کرنے کا آغاز ہے۔

ماورا حسین اور احسن خان کا ڈراما ’قصہ مہربانو کا‘ ہم ٹی وی پر نشر کیا جاتا ہے، جس کا جلد ہی اختتام ہوجائے گا۔

مذکورہ ڈرامے کو اس کی کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، کیوں کہ اس میں ’ازدواجی جنسی زیادتی‘ (میریٹل ریپ) کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح شوہر محبت اور اپنے جائز رشتے کی وجہ سے بیوی کے احساسات کا خیال کیے بغیر ان سے ہر وقت رومانوی رہنے کی امید رکھتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: زاویار نعمان، ماورا حسین کے ساتھ ’قصہ مہربانو کا‘ میں اداکاری کرنے کو تیار

ڈرامے میں ’میریٹل ریپ‘ دکھانے کی وجہ سے جہاں ان پر تنقید کی گئی، وہیں بعض حلقوں نے اس کی تعریف بھی کی اور اب ماورا حسین نے بھی اس پر بات کی ہے۔

اداکارہ نے ڈرامے کا ایک منظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’محبت اور نکاح کے نام پر کیا جانے والا ظلم بھی ظلم ہی ہوتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے طویل کیپشن میں مزید لکھا کہ درحقیقت ’میریٹل ریپ‘ ایک طرح کا شرمناک اور تضحیک آموز جرم ہے مگر اسے بڑے پیمانے پر جرم تسلیم ہی نہیں کیا جاتا۔

ڈرامے کو کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا—پرومو فوٹو
ڈرامے کو کہانی کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا—پرومو فوٹو

ماورا حسین نے لکھا کہ اب 2022 چل رہا ہے، جہاں جس طرح مرد ہر طرح سے آزاد زندگی گزار رہے ہیں، اسی طرح خواتین کو بھی خوش زندگی گزارنے کا حق ہے اور انہیں ہر بات پر بولنے کا بھی حق ہونا چاہیے جب کہ مذکورہ معاملے پر بولنے والی خواتین کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔

مزید پڑھیں: انور مقصود کی احسن خان کی ’قصہ مہربانو کا‘ میں اداکاری کی تعریف

انہوں نے کہا کہ محبت کے نام پر اب بھی لاکھوں خواتین کی تضحیک اور عصمت دری کی جاتی ہے اور ’قصہ مہربانو کا‘ میں بھی یہی دکھایا گیا ہے۔

اداکارہ نے ’قصہ مہربانو کا‘ کو اہم مسئلے پر آواز اٹھانے کی عاجزانہ کوشش قرار دیا اور لکھا کہ انہیں ڈرامے کے حوالے سے اچھے کمنٹس مل رہے ہیں۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ آئندہ ہفتے ’قصہ مہربانو کا‘ کی آخری قسط نشر کی جائے گی اور انہیں امید ہے کہ مذکورہ ڈراما سنگین مسئلے پر بات کرنے کا آغاز بنے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024