• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

حکومت سندھ کی درخواست پر تھانوں میں بھی رینجرز تعینات کرنے کو تیار ہیں، وزیر داخلہ

شائع February 22, 2022
شیخ رشید نے کہا کہ 22 اور 23 مارچ کو او آئی سی کی وزارت خارجہ کا اجلاس ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید نے کہا کہ 22 اور 23 مارچ کو او آئی سی کی وزارت خارجہ کا اجلاس ہے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات اتنے خراب ہیں کہ لگتا ہے وہاں کوئی قانون نہیں ہے، اگر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہیں تو کراچی کے تھانوں میں بھی رینجرز تعینات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 27 فروری سے دورہ پاکستان پر آرہی ہے ان کی سیکیورٹی کے لیے ہم نے سخت اقدامات کیے ہیں کیونکہ ہماری قوم کرکٹ کی شوقین ہے، اور آسٹریلیا کی ٹیم کافی عرصہ دورہ پاکستان پر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی وطن آمد پر سندھ کی جانب سے سیکیورٹی کی کے حوالے سے کہا گیا ہم تیار ہیں کہ اگر سندھ حکومت کہے تو ہم رینجرز فورس بڑھا کر تھانوں میں بھی لگانے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ قانون کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہم سے رابطہ کرے۔

صحافی اطہر متین سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کراچی میں سیکیورٹی بڑھانے کے حوالے سے بیان کو دہرایا تو کراچی میں کے رینجرز کی تعیناتی کے حوالے دوبارہ تجویز پیش کی۔

مزید پڑھیں: حکومت سے کسی کا ہاتھ نہیں ہٹا، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بالکل ٹھیک ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد میں سیکیورٹی حالات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سیو سٹی کے کیمروں کو بھی بہتر کیا گیا ہے اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر نقل مکانی ہورہی ہے اس لیے صوبے میں دفعہ 144 کا نفاذ کرنے جارہے ہیں، اب جو مالک مکان کرائے دار رکھے گا اس کی تفصیکلات تھانے کو جمع کروائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کل 27 سال بعد دورہ روس پر جارہے ہیں۔

پیکا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیکا قوانین میں ترمیم آئی ٹی کی وزارت نے کی تھی، ہم نے اس میں دستخط کیے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ سوشل میڈیا کے خرافات سے جان چھوٹ جائے۔

’تحریک عدم اعتماد پر ناکامی اپوزیشن کا مقدر بنے گی‘

شیخ رشید نے کہا کہ 27 تاریخ کو پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کا آغاز بھی کیا جارہا ہے، امید ہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی ذمہ داری کا ثبوت دے گی۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) 3 گروپس میں تقسیم ہوگی، شیخ رشید کی نئی پیش گوئی

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن شوق سے اسلام آباد آئے جب بھی تحریکیں چلی ہیں اس کے نتائج خواہش کے مطابق حاصل نہیں ہوئے، آپ شوق سے تحریک عدم اعتماد لائیں اس میں بھی آپ ناکام ہوں گے، ناکامی آپ کا مقدر ہے۔

انہوں نےکہا کہ 22 اور 23 مارچ کو او آئی سی کی وزارت خارجہ کا اجلاس ہے، اپوزیشن کا کہنا ہےکہ انہیں 23 تاریخ کو اسلام آباد آنا ہے، اگر انہیں آنا ہے تو آجائے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر اتحادی سے بات کر رہی ہےجہانگیر ترین سے بھی بات ہونی چاہیے وہ تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے، سیاستدان کبھی دروازے بند نہیں کرتا، اگر (ن) لیگ 14 سال بعد (ق) لیگ رابطہ کر سکتی ہے تو پی ٹی آئی بھی جہانگیر ترین سے رابطہ کر سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کو ایک سال رہ گیا ہے شہروں میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہے، یہ اپوزیشن عدم اعتماد تحریک لائے گی تو خود ہی پھنسے گی، اپوزیشن کو سوچنا چاہیے کہ دنیا کہا جارہی ہے، تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ان کی بے وقوفیوں کی وجہ سے پاکستان کس مسائل میں مبتلا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کے 15 افراد اندر سے عمران خان کے ساتھ ہیں، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاسی انتشار کی طرف جارہی ہے، ان کی غلط فہمہوں سے کوئی سیاسی حادثہ ہوسکتا ہے، یہ بڑی بڑی بھڑکیاں مارتے تھے اب اپنے بلوں میں چھپےہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد آرہے ہیں شوق سے آئیں ملک کے حالات کے حوالے سے وہ باخبر ہیں، اسلام آباد میں 7، 8 مارچ کو میچ بھی ہے، ہم نے اس کے لیے ایک کمیٹی بنادی ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد اور راولپنڈی انتظامیہ مل کر کام کرے گی۔

ردالفساد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین

شیخ رشید نے کہا کہ پاک فوج ایک عظیم ادارہ ہے، اس وقت بھی سرحدوں پر نوجوان اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، یہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں ملک میں کوئی انتشار پیدا نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اسی انتشار سے بچنے کے لیے فوج نے کہا کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات: شیخ رشید کا چمن بارڈر بند کرنے کا عندیہ

آپریشن رد الفساد کے 5 سال مکمل ہونے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اس کارروائی میں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقوں غیر ملکی دہشت گرد چھپتے ہوئے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ پاک فوج ان کے عزائم کچل کر رکھ دے گی۔

وزارت داخلہ کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم سندھ میں 13 پاسپورٹ آفس کھولنے جارہے ہیں اور نادرا 28 نے دفاتر کھولیں گے، جبکہ وزیر اعظم کی واپسی پر ای پاسپورٹ سروس کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔

ان کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر 1819 کی سروس بھی شروع کی جارہی ہے، جس میں مزید تجدید کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں مارڈن کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مارڈن لیڈی شاپنگ سینٹر بنانے جارہے ہیں، اسلام آباد میں پولیس کا ہائی لیول خدمت مرکز قائم کیا جارہاہے، اس میں ایک چھت کے نیچے 28 سروسز دی جارہی ہیں، جو پاکستان کی تحریک کا حصہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024