• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بشریٰ بی بی کی کردارکشی میں ملوث لوگ اپنی گھناؤنی حرکتوں سے باز آجائیں، فرخ حبیب

شائع February 14, 2022
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے —فوٹو: ڈان نیوز
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے —فوٹو: ڈان نیوز

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ خاتون اول کا کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں کوئی کردار نہیں، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کا کوئی سیاسی اثر و رسوخ نہیں اور ان سے متعلق ہتک آمیز مہم میں ملوث لوگوں کو خبردار کرنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی گھناؤنی حرکتوں سے باز آجائیں۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی سے متعلق جعلی، بے بنیاد اور گھٹیا خبریں چلوائی گئیں، ان غلیظ خبروں کے پیچھے وہی لوگ ہیں جنہوں نے شہید بینظیر بھٹو کی کردارکشی کی تھی۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات کا خاتون اول سے متعلق افواہوں کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خاتون اول کا کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں کوئی کردار نہیں، بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں، انکا کوئی سیاسی اثر رسوخ نہیں ہے، خاتون اول سے متعلق ہتک آمیز مہم میں ملوث لوگوں کو خبردار کرنا چاہتاہوں کہ ان حرکتوں میں ملوث لوگ اپنی گھناؤنی حرکتوں سے باز آجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون اول بشری بی بی بطور خاتون بہت قابل احترام ہیں ، جس طرح سب کی مائیں، بہنیں سانجھی ہوتی ہیں اسی طرح وہ بھی ہماری ماؤں، بہنوں کی طرح ہیں، لہذا کسی خاتون کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہمیں سوچنا چاہیے۔

واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے ذریعے وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کی ناراضی سے متعلق مختلف خبریں اور افواہیں سامنے آئی تھیں جن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے روابط شہباز گِل نے بتایا تھا کہ پورے ایک سال میں خاتون اول صرف ایک ہفتے کے لیے لاہور تشریف لے گئی تھیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چند مہینوں سے وہ لاہور تشریف نہیں لے کر گئیں اور اسلام آباد میں تشریف فرما ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عین ممکن ہے نواز شریف نے مودی کے ذریعے عمران خان کا فون ہیک کرایا ہو، فرخ حبیب

انہوں نے اس طرح کی خبروں اور افواہوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاست اور صحافت کریں لیکن اہلخانہ جو سیاست کے میدان میں موجود ہی نہیں ان سے متعلق جھوٹی، جعلی خبریں دینے والوں کو عدالت لے کر جائیں گے۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم اور خاتون اول بشریٰ عمران خان کے بارے میں گھٹیا اور من گھڑت خبریں دینے پر پہلے ہی نجم سیٹھی کے خلاف ہم عدالت میں ہیں، ابھی بھی جو لوگ خاتون اول کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی، بشریٰ بی بی اور وزیر اعظم دونوں اسلام آباد میں موجود ہیں۔

اس سے قبل خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے بھی کہا تھا کہ بشریٰ بی بی میرے گھر قیام پذیر نہیں بلکہ بنی گالا، اسلام آباد میں موجود ہیں۔

اس طرح کی تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم اور خاتون اول کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، خاتون اول میرے گھر قطعا قیام پذیر نہیں، وہ بنی گالا اسلام آباد میں موجود ہیں۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں فرح خان کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے۔

'اپوزیشن لیڈر کی گھبراہٹ ان کے چہرے سے واضح ہے'

فرخ حبیب کا میڈیا سے گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کے خلاف اربوں روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں، اسی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کی گھبراہٹ ان کے چہرے سے واضح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کے بعد میاں برادران کے کاروبار بڑھے، شریف خاندان نے مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کیے، شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس واضح ہے، شہباز شریف نے سلیمان شہباز کو لندن فرار کروایا ہوا ہے، وہ سلیمان شہباز کو بلائیں، ان کو کونسی بیماری ہے؟

وزیر مملکت نے کہا کہ اپنی کرپشن پکڑی جانے کے خوف سے شریف خاندان گھبرایا ہوا ہے، ان کو سمجھ نہیں آرہی کہ لوٹی دولت کیسے بچائیں، شریف خاندان ادھر ادھر ٹامک ٹوئیاں مارنے کے بجائے عدالتوں کا سامنا کرے۔

مزید پڑھیں: فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر

انہوں نے کہا کہ اسی گھبراہٹ کے باعث شہباز شریف نے آصف زرداری کے پیر پکڑے ہوئے ہیں، اسی گھبراہٹ کے نتیجے میں شہباز شریف کو 22 سال بعد چوہدری شجاعت کی عیادت یاد آئی، وہ ہمارے اتحادیوں سے ملنے گئے مگر انہیں وہاں سے بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز شہباز شریف کی باڈی لینگویج ایک ہارے ہوئے شخص کی باڈی لینگویج تھی، ان چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں اور آج وفاقی وزیر مونس الہٰی نے بھی انہیں واضح پیغام دے دیا کہ آؤ، روٹی کھاؤ اور چلتے بنو۔

فرخ حبیب نے کہا کہ پوری اپوزیشن اپنی کرپشن سے بنائی دولت کو بچانے کے لیے عمران خان سے این آر او لینے کے لیے ایک جگہ اکٹھی ہوگئی ہے، کرپث مخالفین، چور ڈاکو، لٹیرے کتنے ہی ہاتھ پاؤں ماریں ان کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیر اعظم کو اس منقسم اپوزیشن سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، یہ اپوزیشن ہی اپوزیشن کے خلاف ہے، ان میں آپس میں کوئی اتفاق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کیوں گھبرائیں گے، عمران خان نے باہر جائیدادیں نہیں بنائیں، عمران خان بوئنگ 777 پر سفر نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری سمیت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل

اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کل نہیں، آج لائے، سینیٹر فیصل جاوید خان

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا، مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو مسئلہ مقصود چپڑاسی کا ہے، مخالفین چاہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان انہیں این آر او دے دیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ 1999 سے کیسز ختم کر دیے جائیں۔

وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے جانے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اپوزیشن، تحریک عدم اعتماد کل نہیں، آج ہی لائے، تحریک عدم اعتماد سے عمران خان پر اعتماد ظاہر ہوگا، ڈی آئی خان میں جیسے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، ایسے ہی آئندہ بھی انہیں شکست کا سامنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024