• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’قبر سے ٹوئٹ کر رہا ہوں‘، علی گل پیر کا موت کی خبر پر رد عمل

شائع February 7, 2022
کامیڈین نے موت کی خبروں پر مزاحیہ تبصرہ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
کامیڈین نے موت کی خبروں پر مزاحیہ تبصرہ کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

کامیڈین علی گل پیر اور اداکار عثمان مختار نے اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کرنے کے بجائے اس پر مذاق کیا ہے۔

اداکار عثمان مختار کی خبریں حال ہی میں بھارتی سوشل میڈیا پر اس وقت شروع ہوئیں جب کہ بلوچستان میں پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی تھی۔

بھارتی سوشل میڈیا پر عثمان مختار کے ڈرامے صنف آہن کی تصویر کو شیئر کرکے انہیں پاک فوج کا کپتان دانیال بتایا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ وہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ میں ہلاک ہوئے۔

عثمان مختار کو پاک فوج کا کپتان بنا کر اس کی موت کی جھوٹی خبر شیئر کرنے پر بھارتی سوشل میڈیا پیج کا خوب مذاق بھی اڑایا گیا اور لوگوں نے انہیں بتایا کہ وہ ڈرامے میں فوجی بنے تھے اور حقیقت میں زندہ ہیں۔

اپنی موت کی جھوٹی خبر کی ٹوئٹ کو عثمان مختار نے بھی ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ’اچھا اب کیا ہوگا؟ انہوں نے ایک اور مختصر ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ زندہ ہیں اور ایسی خبریں پھیلانا بند کی جائیں۔

عثمان مختار کی طرح کامیڈین گلوکار علی گل پیر نے بھی اپنی موت کی جھوٹی خبر کے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے حیرانگی کا اظہار کرنے کے بجائے اس پر مزاحیہ تبصرہ کیا۔

عثمان مختار کی موت کی خبر پر بھی کئی لوگوں نے مزاحیہ تبصرے کیے اور ایک صارف نے لکھا کہ وہ جنت سے ٹوئٹس کر رہے ہیں، جہاں ان کے ساتھ 70 حوریں بھی موجود ہیں۔

علی گل پیر نے اپنے موت کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، جس میں ان کی تصویر سمیت ایمبولینس کی تصویر بھی دی گئی تھی جب کہ ایک چھوٹی تصویر میں انہیں ہسپتال کے بسترے پر زخمی حالت میں دکھایا گیا تھا۔

مذکورہ خبر کے ساتھ لکھا گیا تھا کہ ’علی گل پیر: افسوس ناک خبر آگئی، انتقال، گھر میں ماتم چھا گیا‘۔

علی گل پیر نے مذکورہ خبر کو ٹوئٹ کرتے ہوئے اس پر برہمی کا اظہار کرنے کے بجائے لکھا کہ ’وہ مر چکے ہیں اور قبر سے ہی ٹوئٹ کر رہے ہیں‘۔

کامیڈین و گلوکار کی جھوٹی خبر پر دیگر لوگوں نے بھی مزاحیہ تبصرے کیے اور لکھا کہ انہیں ’قبر میں بھی سکون نہیں آیا‘ جس پر انہوں نے بھی ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انہیں قبر میں بھی سکون نہیں ملا‘۔

کچھ لوگوں نے ان سے پوچھا کہ زمین کے اندر جانا کیسا لگا؟ اور بعض لوگوں نے ان سے دریافت کیا کہ ’جہنم‘ کیسا ہے؟

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024