• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

وزیر اعظم کا دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، وزیر خارجہ

شائع February 6, 2022
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کی— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کی— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، چین اور پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی سوچ میں یکسانیت ہے۔

اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے وفاقی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین توقعات سے زیادہ کامیاب رہا، ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات اور سی پیک منصوبوں پر مفصل گفتگو ہوئی جبکہ ان کی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اتنی جامع اور مفصل ملاقات پہلے نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی چینی صدر سے ملاقات، امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

انہوں نے چینی ہم منصب وانگ آئی کے ساتھ ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ یہ طے ہوا ہے کہ افغان صورتحال کے حوالے سے مارچ کے آخری ہفتے میں چین کا دورہ کروں گا اور افغان معاملے پر لائحہ عمل طے کرنے کی غرض سے بیجنگ میں افغانستان کے تمام قریبی ہمسایہ ممالک کا بھی اہم اجلاس ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے چین اور پاکستان کی سوچ میں یکسانیت ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں سمیت بھارتی اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر شدید تشویش ہے اور وہاں انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستانی کے مختصر دستے کا بیجنگ سرمائی اولمپکس میں اسٹیڈیم آمد پر چینی عوام نے جس طرح استقبال کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، جو محبت اور گرمجوشی چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان کے لیے دکھائی ہے وہ فقید المثال تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات، ‘پاک-چین کمیونٹی کے قیام کا اعادہ’

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اس دورے پر بے جا تنقید کی، ایسے لوگوں کو باہمی دوروں اور کثیر الجہتی دوروں کی ہجے تک نہیں آتی لیکن بدقسمتی سے آج وہ خارجہ امور کے ماہر بنے بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ چین پر کچھ لوگوں کو تکلیف ہے، گزشتہ روز لاہور میں ایک محفل ہوئی جس میں شہباز شریف اور بلاول صاحب ماتم کناں تھے، مریم نواز بھی وہاں پہنچ گئیں اور ہم پانچ کی ڈرامہ سیریز چلی، ان کی چیخیں آسمان پر سنائی دے رہی تھیں، ان کی چیخوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ چین کتنا کامیاب رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری قوم نے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا لیکن اپوزیشن نے 'یوم یکجہتی چوراں' منایا، اپوزیشن نے اپنی چوریوں پر پردہ ڈالنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، یہ علاقائی پارٹیاں ہیں قومی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ لانگ مارچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو لانگ مارچ تو دور شارٹ مارچ بھی نہیں کر سکتے، لانگ کے لفظ میں جتنے ہجے ہیں اتنے ان کے پاس لوگ بھی نہیں کہ وہ مارچ کر سکیں۔

مزید پڑھیں: اندھے خواب دیکھنے والی اپوزیشن اپنی سیاسی موت مرنے جارہی ہے، شیخ رشید

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے 13ویں مرتبہ لانگ مارچ کی کال دی ہے، جب یہ پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ ڈرائیور اور گارڈز کے علاوئی کوئی دوسرا شخص لانگ مارچ میں موجود ہی نہیں ہوتا، اس بار ہم کوشش کریں گے کہ انہیں کچھ لوگ بھی فراہم کر دیں تاکہ انہیں لانگ مارچ میں کوئی تکلیف نہ ہو۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے شہباز شریف کے گھر جا کر اپنا سرنڈر ڈاکومنٹ سائن کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں کوئی سیاسی کردار نہیں ہوگا، اسی طرح شریف فیملی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کا سندھ میں کوئی سیاسی کردار نہیں ہوگا، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی مستقبل کی سیاست کس قدر تاریک ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹس میں پیسے اور شہباز شریف کے دیگر اکاؤنٹس کی تفصیلات سامنے آئیں تو مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی آپس میں محبت بڑھ گئی ہے، شہباز شریف اینڈ کمپنی کے اکاؤنٹس سے ہونے والی منی لانڈرنگ میں وہی طریقہ اختیار کیا گیا جو آصف زرداری نے اومنی گروپ کے ذریعے اختیار کیا تھا، جب چوری کے تمام راز ایک جیسے ہوں گے تو ان کی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو چین کے کامیاب دورے پر تکلیف ہے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر ہماری حکومت رہی تو ان کی چوری کے پیسے باہر نہیں رہ سکتے اور وہ اپنی اس تکلیف کا اظہار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کے خاتمے کے لیے جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں، بلاول بھٹو

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سازش عمران خان کے خلاف کامیاب نہیں ہوگی، کل اپوزیشن نے دو گھنٹے سر جوڑا، یہ کئی دن بھی سر جوڑ لے ناکامی اس کا مقدر رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت ثابت نہیں کر سکی، قومی اسمبلی میں یہ بہت پیچھے ہیں، یہ کچھ نہیں کر پائیں گے، ان کے حالات پتلے ہیں، انہیں مزید دوائیوں کی ضرورت پڑے گی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024