• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شاداب کی عمدہ کارکردگی، کنگز کو یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست

شائع February 6, 2022
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 15رنز کے عوض چار وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 15رنز کے عوض چار وکٹیں لیں— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 19 گیندوں پر 34رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 19 گیندوں پر 34رنز بنائے— فوٹو: پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو باؤلنگ کی دعوت دی ہے— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے میچ میں کپتان شاداب خان سمیت باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 42رنز سے شکست دے کر لگاتار پانچویں شکست سے دوچار کردیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 14ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو باؤلنگ کی دعوت دی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے ٹیم کو 66رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن اسکور پر ایلکس ہیلز 30 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے محمد نبی کو باؤلنگ پر متعارف کرایا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پال اسٹرلنگ کو بولڈ کردیا جنہوں نے 30 گیندوں پر 39رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے 19 گیندوں پر 34رنز اسکور کیے اور کولن منرو کے ساتھ 55 رنز بھی جوڑے لیکن بابر اعظم کے عمدہ کیچ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

آصف علی بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے اور بابر نے ایک اور ناقابل یقین کیچ لے کر انہیں بھی چلتا کردیا۔

کولن منرو پوری اننگز کے دوران مزاحمت کرتے نظر آئے اور 33 گیندوں پر صرف 33 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اننگز کی آخری گیند پر اعظم خان آؤٹ ہوئے اور اسلام آباد یونایئٹڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔

لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والے کرس جورڈن اور عثمان شنواری بالترتیب دو اور ایک وکٹ لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور شرجیل خان صرف چھ رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

تاہم میزبان ٹیم کو سب سے بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب محمد وسیم جونیئر نے کپتان بابر اعظم کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔

حسن نے میچ میں اپنی پہلی گیند پر آئن کوک بین کو چلتا کیا جبکہ وکٹوں کے درمیان غط فہمی کے نتیجے میں صاحبزادہ فرحان 18 گیندوں پر 25رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

عماد وسیم اور لوئس گریگوری نے اسکور 65 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاداب نے یکے بعد دیگرے دونوں بلے بازوں کو ایک ہی اوور میں چلتا کردیا۔

شاداب نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کر جورڈن کے بعد محمد طحہ کو آؤٹ کر کے چار وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے اینڈ سے محمد نبی اکیلے ڈٹے رہے لیکن ان کی 28 گیندوں پر 47 رنز کی کاوش بھی رائیگاں گئی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ میں باآسانی 42رن زسے فتح حاصل کر لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 15رنز کے عوض چار وکٹیں لیں جبکہ ایک، ایک وکٹ وقاص مقصود، محمد وسیم جونیئر، حسن علی کے حصے میں آئی۔

یہ کراچی کنگز کی ایونٹ میں لگاتار پانچویں شکست ہے جس کے بعد ان کی پلے آف میں رسائی کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں البتہ بقیہ پانچویں میچوں میں فتح کے نتیجے میں کراچی کنگز کی اگلے مرحلے میں رسائی کی موہوم سی امید اب بھی باقی ہے۔

اس سے قبل میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم میں تبدیلیاں کی گئی تھیں اور کرس جورڈن کے ساتھ ساتھ عثمان شنواری کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، پال اسٹرلنگ، کولن منرو، اعظم خان، مبشر خان، آصف علی، فہیم اشرف، محمد وسیم، حسن علی، وقاص مقصود۔

کراچی کنگز: بابراعظم (کپتان)، شرجیل خان، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، محمد نبی، آئن کوکبین، لیوس گریگوری، عماد وسیم، عثمان شنواری، کرس جورڈن، محمد طحہ، عمید آصف

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024