• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیرِ علاج

شائع February 2, 2022
سابق صدر آصف زرداری نے رحمٰن ملک کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے گلدستہ  بھجوایا — فوٹو: نادر گرامانی
سابق صدر آصف زرداری نے رحمٰن ملک کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے گلدستہ بھجوایا — فوٹو: نادر گرامانی

سابق وفاقی وزیر داخلہ و سینیٹر رحمٰن ملک تشویشناک حالت میں اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما کے ترجمان نے بتایا کہ رحمٰن ملک گزشتہ 10 روز سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں طبیعت زیادہ بگڑنے پر 2 روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا تھا کہ رحمٰن ملک کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شوکت ترین کورونا کا شکار، شہباز شریف بھی دوبارہ متاثر

خاندانی ذرائع کا رحمٰن ملک کی بیماری کے حوالے سے مزید بتانا تھا کہ گزشتہ 15 روز سے ان کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا۔

رحمٰن ملک کے اہلِ خانہ نے ان کی صحتیابی کے لیے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

دوسری جانب سابق صدر و پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رحمٰن ملک کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے رحمٰن ملک کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے گلدستہ بھی بھجوایا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

یاد رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت کئی رہنما دو بار کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ان کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر کئی رہنما بھی کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024