• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

امریکا کی سابق حسینہ اور ٹی وی میزبان نے خودکشی کرلی

شائع January 31, 2022
چیلی کرسٹ ذہنی مسائل کا شکار تھیں—فائل فوٹو: اے پی
چیلی کرسٹ ذہنی مسائل کا شکار تھیں—فائل فوٹو: اے پی

امریکا کی سابق حسینہ 30 سالہ چیسلی کرسٹ نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کثیر منزلہ عمارت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کردیا۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پرس‘ (اے پی) کے مطابق چیسلی کرسٹ نے نیویارک کے پرتعیش علاقے منہٹن کی 60 منزلہ بلند و بالا عمارت سے چھلانگ لگائی جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔

چیسلی کرسٹ کے اہل خانہ اور پولیس نے سابق حسینہ کی جانب سے عمارت سے چھلانگ لگانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی لاش کی تصدیق 31 جنوری کی صبح سات بجے کی گئی۔

سابق حسینہ نے رات دیر گئے نامعلوم وجوہات کی وجہ سے عمارت سے چھلانگ لگائی، جس وقت انہوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا، اس وقت وہ اپنے فلیٹ میں تنہا تھیں۔

اسی حوالے سے ’نیویارک پوسٹ‘ نے ذرائع سے بتایا کہ چیلسی کرسٹ 60 منزلہ عمارت میں رہائش پذیر تھیں اور ان کا فلیٹ نویں منزل پر تھا، تاہم زندگی کے آخری لمحات میں انہیں 29 ویں منزل پر دیکھا گیا۔

چیلسی کرسٹ رہائشی عمارت میں مقیم تھیں اور جس وقت انہوں نے سنگین قدم اٹھایا، اس وقت وہ اپنی رہائش گاہ پر تنہا تھیں۔

چیلسی کرسٹ 2019 میں امریکا کی خوبصورت ترین دوشیزہ قرار پائی تھیں، اس سے قبل وہ ریاست کیرولینا کی خوبصورت ترین لڑکی بنی تھیں۔

چیلسی کرسٹ ان چند سیاہ فام دوشیزاؤں میں سے ایک تھیں، جنہوں نے خوبصورتی کا مقابلہ اپنے نام کیا، انہوں نے قانون اور سیاست کی تعلیم حاصل کر رکھی تھی۔

چیلسی کرسٹ کو امریکی کرمنل جسٹس میں اصلاحات کے لیے متحرک کارکنان میں شمار کیا جاتا تھا، وہ کئی سال سے فلاحی اور دوسرے لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے منصوبوں میں متحرک تھیں۔

چیلسی کرسٹ نے خودکشی سے قبل کچھ گھنٹے قبل ہی اپنی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ایک دلخراش پوسٹ بھی کی تھی۔

انہوں نے مختصر پوسٹ میں لکھا کہ تھا کہ شاید آج کا دن سکون اور آرام ساتھ لے آئے۔

چیلسی کرسٹ ٹی وی پر ایک انٹرٹینمنٹ شو بھی کرتی تھیں اور 2020 میں وہ اپنی میزبانی کی وجہ سے گریمی ایوارڈز کے لیے نامزد بھی ہوئی تھیں۔

سابق حسینہ ماضی میں ذہنی پریشانی اور ڈپریشن سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کرتی رہی ہیں، 2019 میں انہوں نے ذہنی صحت کے عالمی دن کے موقع پر اپنی فیس بک پوسٹ میں ذہنی مسائل پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ وہ کافی عرصے تک ڈپریشن کا شکار رہی ہیں۔

سال 2020 میں بھی انہوں نے ڈپریشن اور ذہنی صحت کے مسئلے پر کھل کر باتیں کی تھیں اور وہ وقتا بوقتا اسی موضوع پر اظہار خیال کرتی رہی تھیں۔

سابق حسینہ کی جانب سے خودکشی کیے جانے پر مس ورلڈ کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ان کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیا جب کہ دنیا بھر کی حسیناؤں نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا افسوس کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024