• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ملک میں ریکارڈ 8 ہزار 183 کورونا کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 14 لاکھ سے متجاوز

شائع January 28, 2022
وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد بھی 14 لاکھ 2 ہزار 70 تک پہنچ گئی ہے— فائل فوٹو: اے پی
وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد بھی 14 لاکھ 2 ہزار 70 تک پہنچ گئی ہے— فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی پانچویں لہر کے دوران ’اومیکرون‘ کے پھیلاؤ کے سبب کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 8 ہزار 183 کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اس کے ساتھ ہی ملک میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد بھی 14 لاکھ 2 ہزار 70 تک پہنچ گئی ہے۔

کیسز کی ریکارڈ تعداد کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووڈ 19 کے مزید 30 مریض زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 192 ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وبا کے آغاز سے ریکارڈ 7 ہزار 678 کیسز رپورٹ

اس سے قبل وبا کے سب سے زیادہ کیسز 21 جنوری کو رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 7 ہزار 678 تھی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 68 ہزار 624 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں کیسز مثبت آنے کی شرح 11.92 فیصد رہی۔

کیسز میں ریکارڈ اضافے کے ساتھ ہی ملک میں فعال کیسز کی تعداد بھی 98 ہزار 221 تک پہنچ گئی ہے، جس میں سے ایک ہزار 353 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کورونا کیسز اور اموات کی صورتحال:

  • پنجاب: 2 ہزار 385 کیسز، 6 اموات

  • سندھ: 2 ہزار 469 کیسز، 20 اموات

  • خیبرپختونخوا: ایک ہزار 317 کیسز، 3 اموات

  • بلوچستان: 56 کیسز

  • اسلام آباد: ایک ہزار 550 کیسز

  • گلگت بلتستان: 25 کیسز، ایک موت

  • آزاد کشمیر: 383 کیسز

علاوہ ازیں ملک میں مزید ایک ہزار 786 مریض صحتیاب بھی ہوئے، یوں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 74 ہزار 657 تک پہنچ گئیں۔

وبا کی پانچویں لہر

خیال رہے کہ ملک میں وبا کا پھیلاؤ تقریباً کنٹرول ہوگیا تھا تاہم وائرس کی نئی قسم اومیکرون سامنے آنے کے بعد دسمبر کے اواخر سے کیسز میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے جسے وبا کی پانچویں لہر قرار دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 586 کیسز رپورٹ

اگر وبا کی مختلف لہروں کے دوران سب سے زیادہ کیسز دیکھے جائیں تو اس سے قبل سب سے زیادہ کیسز 13 جون 2020 کو رپورٹ ہوئے تھے جن کی تعداد 6 ہزار 825 تھی۔

وبا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ کیسز 6 دسمبر 2020 کو سامنے آئے جو 3 ہزار 795 تھے۔

اسی طرح تیسری لہر کے دوران 17 اپریل 2021 کو کیسز کی بلند ترین تعداد 6 ہزار 127 ریکارڈ کی گئی۔

چوتھی لہر میں سب سے زیادہ کیسز 4 اگست 2021 کو رپورٹ ہوئے تھے جو 5 ہزار 661 تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024